ڈبلن: آئرلینڈ کے مایہ ناز لیگ اسپنر بین وائٹ نے محض 28 سال کی عمر میں پروفیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے اور کرکٹ کو خیرباد کہہ کر ایک سافٹ ویئر ڈیولپمنٹ کمپنی میں نئی ملازمت اختیار کر لی ہے۔
کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق بین وائٹ نے آئرلینڈ کی جانب سے اپنا آخری بین الاقوامی میچ گزشتہ سال دسمبر میں کھیلا تھا۔ انہوں نے اپنے کیریئر کے دوران آئرلینڈ کی تینوں فارمیٹس (ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی) میں مجموعی طور پر 43 بین الاقوامی میچوں میں نمائندگی کی۔
بین وائٹ نے جولائی 2021 میں بین الاقوامی کرکٹ میں قدم رکھا تھا اور انہیں آئرلینڈ کے مستقبل کے ایک اہم اور نمایاں اسپنر کے طور پر دیکھا جا رہا تھا۔ انہوں نے 38 ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچوں میں 36 وکٹیں حاصل کیں۔ اس کے علاوہ وہ 2021، 2024 اور 2026 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے آئرش اسکواڈ کا بھی حصہ رہے، تاہم ان تینوں بڑے ایونٹس میں انہیں مجموعی طور پر صرف تین میچ کھیلنے کا موقع مل سکا۔ طویل فارمیٹس میں بھی انہیں محدود مواقع ہی میسر آئے۔
انہوں نے سال 2023 میں دو ون ڈے اور تین ٹیسٹ میچ کھیلے۔ بنگلہ دیش کے خلاف اپنے ٹیسٹ ڈیبیو پر تین وکٹیں لینے کے بعد، سری لنکا کے خلاف اگلے دو ٹیسٹ میچوں میں وہ زیادہ کامیاب نہ ہو سکے۔
کرکٹ سے راہیں جدا کرنے پر بین وائٹ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ آئرلینڈ کی نمائندگی کرنا، تینوں فارمیٹس میں کھیلنا اور تین عالمی کپ مقابلوں کا حصہ بننا ان کے لیے انتہائی باعثِ فخر ہے۔ انہوں نے کرکٹ آئرلینڈ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس سفر کے دوران انہیں یادگار تجربات، قیمتی اسباق اور زندگی بھر قائم رہنے والی دوستیاں ملی ہیں۔
آئرلینڈ کے ہیڈ کوچ گیری ولسن نے بین وائٹ کی خدمات کو شاندار الفاظ میں سراہتے ہوئے کہا کہ وہ بالخصوص ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں اپنی بہترین کارکردگی کی وجہ سے ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے۔

