واشنگٹن:
امریکی ریاست جنوبی کیرولائنا میں واقع اہم جوہری تنصیب اور محکمہ توانائی کے زیر انتظام کمپلیکس سوانا ریور نیشنل لیبارٹری (Savannah River National Laboratory) میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں علاقے میں شدید افرا تفری پھیل گئی۔ صورتحال کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے حکام نے فوری طور پر لیبارٹری میں ہنگامی حالت (Emergency) نافذ کر دی اور حفاظتی اقدامات کے تحت اطراف کے راستوں اور نقل و حرکت پر سخت پابندیاں عائد کر دیں۔حادثے کے فوری بعد عینی شاہدین اور حلقوں میں یہ شدید خدشات پھیل گئے تھے کہ کہیں اس حادثے کے نتیجے میں کسی خطرناک ریڈیولوجیکل اخراج (Radiological Release) کا سامنا نہ کرنا پڑے۔تاہم، فائر فائٹرز اور ریسکیو اہلکاروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ پر مکمل قابو پا لیا ہے۔ متعلقہ حکام کی جانب سے جاری کردہ ابتدائی طبی اور سائنسی جائزوں کے مطابق لیبارٹری کی عمارت سے باہر کسی بھی قسم کی خطرناک آلودگی یا ریڈی ایشن کی موجودگی ریکارڈ نہیں کی گئی ہے، جس کے بعد نافذ کردہ ایمرجنسی کو بھی ختم کر دیا گیا ہے۔

