کوئٹہ :بلوچستان میں مسافروں کو عارضی مشکلات کا سامنا ہے کیونکہ ریلوے حکام کی جانب سے صوبے بھر میں ٹرین سروس کو ایک روز کے لیے معطل کر دیا گیا ہے۔
ریلوے حکام کے مطابق کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس آج اپنے مقررہ وقت پر روانہ نہیں ہو سکے گی، جبکہ پشاور سے آج کوئٹہ آنے والی جعفر ایکسپریس کو سیکیورٹی اور انتظامی امور کے تحت جیکب آباد ہی میں روک لیا جائے گا۔ اس کے علاوہ حکام کا یہ بھی بتانا ہے کہ جناح پیپلز ٹرین بھی آج کے روز نہیں چلائی جائے گی۔
ریلوے حکام نے اس عارضی معطلی کی وجہ بتاتے ہوئے کہا ہے کہ ٹرین آپریشن کو ایک روز کے لیے معطل رکھنے کا فیصلہ ریلوے ٹریک اور سسٹمز پر ضروری مرمتی کام کی انجام دہی کے باعث کیا گیا ہے تاکہ مستقبل میں سفر کو مزید محفوظ بنایا جا سکے۔

