سیالکوٹ (بیورو رپورٹ): صوبائی وزیر بلدیات پنجاب میاں ذیشان رفیق نے ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ کے دفتر میں ایک اہم اجلاس کی صدارت کی، جس میں ضلع بھر میں ‘ستھرا پنجاب’ ایجنسی کی کارکردگی، صفائی آپریشنز اور شہری و دیہی علاقوں کے مائیکرو پلانز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں فوکل پرسن وزیر اعلیٰ برائے ستھرا پنجاب عاصم محمود، ڈائریکٹر جنرل ستھرا پنجاب ایجنسی عمر جاوید، ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد اویس مشتاق، ممبر صوبائی اسمبلی پنجاب رانا فیاض، اور مینجنگ ڈائریکٹر ستھرا پنجاب مزمل حسین سمیت متعلقہ افسران، تحصیل مینجرز اور کنٹریکٹرز نے شرکت کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر میاں ذیشان رفیق نے ہدایت کی کہ شہری علاقوں کے ساتھ ساتھ دیہی آبادیوں میں بھی صفائی کے مائیکرو پلانز پر من و عن عمل درآمد کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ صفائی کے نظام کو مؤثر بنانے کے لیے ہر تحصیل میں کاغذی کارروائی کے بجائے فیلڈ میں واضح اور عملی نتائج دکھائے جائیں۔
میاں ذیشان رفیق نے تمام تحصیل مینجرز کو فیلڈ مانیٹرنگ افسران کی کارکردگی اور حاضری کی سخت نگرانی کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ فیلڈ اسٹاف کی غیر حاضری، فرائض میں غفلت یا صفائی کے مقررہ اہداف کے حصول میں کوتاہی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کنٹریکٹرز کی کارکردگی کو بھی مسلسل مانیٹر کرنے اور غفلت کے مرتکب عناصر کے خلاف سخت احتساب کی ہدایت کی۔
صوبائی وزیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق ‘ستھرا پنجاب’ پروگرام کے لیے تمام دستیاب وسائل فراہم کیے جا رہے ہیں، اس لیے صفائی کے معیار، رفتار اور کارکردگی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ مائیکرو پلانز پر مؤثر عمل درآمد کے ذریعے پروگرام کے ثمرات کو عام شہریوں اور دیہی آبادیوں تک یکساں طور پر پہنچایا جائے۔

