نوابشاہ (بیورو رپورٹ: نفیس آرائیں)
سندھ میں تھانہ کلچر کی اصلاح اور پولیس کو عوام دوست بنانے کے اقدامات کے تحت تھانہ اے سیکشن نوابشاہ کو جدید سہولتوں سے آراستہ ماڈل پولیس اسٹیشن میں تبدیل کر دیا گیا، جس کا افتتاح وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار اور آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے کیا۔افتتاحی تقریب میں ڈی آئی جی شہید بینظیرآباد رینج فیصل بشیر میمن، کمشنر غلام قادر ٹالپر، ایس ایس پی ڈاکٹر سمیر نور چنہ اور ڈپٹی کمشنر عبدالصمد نظامانی سمیت دیگر افسران شریک ہوئے۔ اس موقع پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے معزز مہمانوں کو سلامی پیش کی۔وزیر داخلہ سندھ اور آئی جی سندھ نے ماڈل پولیس اسٹیشن کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا، جہاں ایس ایچ او آفس، فرنٹ ڈیسک، شکایات ڈیسک، تفتیشی افسران کے دفاتر، حوالات اور خواتین کے لیے ہیلپ ڈیسک سمیت دیگر انتظامی شعبوں کو جدید خطوط پر استوار کیا گیا ہے۔وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ ماڈل پولیس اسٹیشن کا قیام عوام کو فوری انصاف کی فراہمی اور روایتی تھانہ کلچر میں تبدیلی کی جانب اہم پیش رفت ہے، جبکہ آئی جی سندھ نے کہا کہ صوبے بھر کے تھانوں کو مرحلہ وار ماڈل پولیس اسٹیشنز میں تبدیل کیا جائے گا، تاکہ پولیس پر عوام کا اعتماد بحال ہو سکے۔تقریب کے اختتام پر ڈی آئی جی اور ایس ایس پی شہید بینظیرآباد نے معزز مہمانوں کی آمد اور افتتاح پر ان کا شکریہ ادا کیا۔


