لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے دیہی علاقوں میں نہری پانی کی چوری کو ایک سنگین مسئلہ قرار دیتے ہوئے محکمہ آبپاشی اور ضلعی انتظامیہ کو بلاامتیاز اور ہنگامی کریک ڈاؤن کرنے کی واضح ہدایات جاری کر دی ہیں۔ گندم کی آنے والی فصل کے اہم ترین مرحلے کو مدنظر رکھتے ہوئے وزیراعلیٰ نے خبردار کیا ہے کہ کسی بھی بااثر، دولت مند یا طاقتور شخص کو کسانوں کے حصے کے پانی پر ڈاکا ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری اپنے خصوصی پیغام میں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اس بات پر زور دیا کہ نہری نظام کے آخری سرے (Tail) پر واقع زمینوں کے کاشتکاروں کے حقوق کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ پانی کی قلت کا سب سے زیادہ اثر انہی غریب اور محنت کش کسانوں پر پڑتا ہے، لہٰذا اس استحصال کا فوری خاتمہ یقینی بنایا جائے گا۔
دیہی علاقوں میں پانی چوری ایک سنگین مسئلہ ہے، خصوصاً نہری پانی کی تقسیم کے موسم میں۔ گندم کی آنے والی فصل کے پیشِ نظر، میں نے محکمہ آبپاشی اور ضلعی انتظامیہ کو واضح ہدایات جاری کر دی ہیں کہ کسی بھی شخص کو، خواہ وہ کتنا ہی بااثر، دولت مند یا طاقتور کیوں نہ ہو، کسانوں کے حصے کا پانی چوری کرنے کی اجازت نہ دی جائے۔ بالخصوص نہری نظام کے آخری سرے پر واقع زمینوں کے کاشتکاروں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے، کیونکہ پانی کی قلت کا سب سے زیادہ نقصان اکثر انہی کسانوں کو اٹھانا پڑتا ہے۔
ہر کسان اپنے جائز حصے کے پانی کا حق رکھتا ہے، اور میں اس بات کو یقینی بنانے کے لیے پُرعزم ہوں کہ پانی کا ہر قطرہ اپنے اصل حق دار تک پہنچے۔ کسی بااثر شخص کو غریب کسانوں کے حق پر ڈاکا ڈالنے یا ذاتی مفاد کے لیے آبپاشی کے نظام کا ناجائز فائدہ اٹھانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
قانون سب کے لیے برابر ہے۔ پانی چوری میں ملوث پائے جانے والے ہر شخص کے خلاف بلاامتیاز اور سخت قانونی کارروائی کی جائے گی، چاہے اس کا تعلق کسی بھی طبقے سے ہو یا وہ کتنا ہی بااثر کیوں نہ ہو۔
کسانوں کے آبی حقوق کا تحفظ کوئی احسان نہیں، بلکہ ہماری ذمہ داری ہے، اور اس ذمہ داری کو ہر صورت پورا کیا جائے گا انشاءاللّٰہ۔
— Maryam Nawaz Sharif (@MaryamNSharif) October 23, 2026
وزیراعلیٰ پنجاب نے اپنے بیان میں محکموں کو سخت احکامات جاری کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ پانی چوری کے جرم میں ملوث پائے جانے والے ہر شخص کے خلاف یکساں اور سخت ترین قانونی کارروائی کی جائے گی، خواہ اس کا تعلق کسی بھی طاقتور یا بااثر طبقے سے ہو۔ کاشتکار اور کسان اپنے جائز حصے کے پانی کا حق رکھتا ہے، اور حکومت پنجاب اس بات کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے کہ پانی کا ہر ایک قطرہ اپنے اصل حق دار تک پہنچے۔ بااثر افراد کی جانب سے آبپاشی کے نظام کے ناجائز استعمال اور غریب کسانوں کے استحصال کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز کا کہنا تھا کہ کسانوں کے آبی حقوق کا تحفظ کرنا حکومت کا کوئی احسان نہیں بلکہ ہماری بنیادی ذمہ داری ہے، اور انشاءاللہ اس قومی و اخلاقی ذمہ داری کو ہر صورت پورا کیا جائے گا۔

