سیالکوٹ : سلیم احمد اعوان شیخو
سوشل میڈیا پر راتوں رات شہرت حاصل کرنے والے معروف ٹک ٹاکر شاہ زیب سیالکوٹی کو NCCIA (این سی سی آئی اے) کی ٹیم نے گرفتار کر لیا ہے۔ گرفتاری کا یہ عمل ایک متاثرہ خاتون کی جانب سے درج کروائی گئی باقاعدہ شکایت اور مکمل انکوائری کے بعد عمل میں آیا۔ذرائع کے مطابق سیالکوٹ کے رہائشی نوجوان محمد شاہ زیب نے سوشل میڈیا پر ‘شاہ زیب سیالکوٹی’ کے نام سے اکاؤنٹس بنائے اور دیگر ٹک ٹاکرز کی طرح کم وقت میں شہرت پانے کے لیے مبینہ طور پر غیر معیاری اور نامناسب ویڈیوز کا سہارا لیا۔متاثرہ خاتون کی جانب سے شکایت موصول ہونے پر NCCIA لاہور کی ٹیم نے اس کا سنجیدہ نوٹس لیا اور تمام شواہد اور جرم ثابت ہونے پر فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کے دفتر (واقع سٹی ہاؤسنگ سوسائٹی، سیالکوٹ) پر چھاپہ مار کر اسے حراست میں لے لیا۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزم پر الزام ہے کہ اس نے سوشل میڈیا پر ایک خاتون کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کیے اور قابلِ اعتراض ویڈیوز شیئر کیں۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا کے غلط استعمال اور ہراسانی میں ملوث عناصر کے خلاف اس طرح کی کارروائیاں بلا امتیاز جاری رہیں گی۔


