سیالکوٹ۔سلیم احمد اعوان شیخو
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) کیپٹن (ر) دوست محمد کی خصوصی ہدایات پر سیالکوٹ پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف گھیرا تنگ کرتے ہوئے گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران شاندار کارروائیاں کی ہیں۔ پولیس نے مختلف علاقوں میں چھاپے مار کر مجموعی طور پر 23 مقدمات درج کیے اور 23 ملزمان کو سلاخوں کے پیچھے پہنچا دیا۔منشیات اور شراب کے خلاف ہونے والے کریک ڈاؤن کے دوران مختلف تھانہ جات کی پولیس نے کارروائیاں کرتے ہوئے 13 ملزمان کو گرفتار کر کے 9,940 گرام (قریباً 10 کلوگرام) چرس اور 30 لیٹر دیسی شراب برآمد کی۔کارروائی کرنے والے تھانہ جات میں صدر سیالکوٹ، مرادپور، موترہ، قلعہ کالر والا، کینٹ، بیگووالہ، سبز پیر، صدر ڈسکہ اور بمبانوالہ شامل ہیں، جہاں سے صغیر احمد، یوسف خان، ساجداللہ، ثاقب علی، صائم عرف ٹوٹا، وارث علی، محمد نوید، حمزہ، شیر خان، زوہیب، مدیفر علی، محمد افضل اور علی حمزہ کو گرفتار کیا گیا۔
شہر میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے اور جرائم کی بیخ کنی کے لیے ناجائز اسلحہ کے خلاف کی گئی کارروائیوں میں پولیس نے 7 ملزمان کو گرفتار کر کے 30 بور کے متعدد پسٹل اور 12 بور سمیت دیگر رائفلیں اور بھاری مقدار میں گولیاں و کارتوس برآمد کیے۔اس ضمن میں تھانہ حاجی پورہ، کوٹلی سید امیر، بیگووالہ، سٹی پسرور اور موترہ پولیس نے نوید، محمد رضوان، فخر عباس، محمد آصف، عدیل، محمد ریحان اور حسنین علی کو دبوچا۔
عوامی جانوں کے دشمن بنے ون ویلرز اور ٹریفک قوانین کی دھجیاں اڑانے والوں کے خلاف بھی شکنجہ کس لیا گیا۔تھانہ حاجی پورہ اور صدر ڈسکہ پولیس نے خطرناک اسٹنٹ کرنے والے ون ویلرز ابرار اور زر بابل کو گرفتار کیا۔اس کے علاوہ، موٹرسائیکل پر بوگس/غلط نمبر پلیٹ لگانے والے ملزم نبیل احمد کو بھی گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا گیا۔
ڈی پی او کیپٹن (ر) دوست محمد کا کہنا ہے کہ ضلع بھر سے جرائم کا مکمل خاتمہ اولین ترجیح ہے اور قانون شکنی کرنے والوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ اس طرح کی کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔






