خانیوال: رانا فیصل سے
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) خانیوال محمد عابد خان کی خصوصی ہدایت اور ڈی ایس پی صدر سرکل خانیوال چوہدری سعید احمد سیال کی زیر نگرانی، اسپیشل برانچ اور سیکیورٹی برانچ نے ایک مشترکہ کامیاب کارروائی کرتے ہوئے شاداب ٹاؤن کالونی نمبر 1 میں ایک مکان پر چھاپہ مارا۔پولیس نے کارروائی کے دوران لاکھوں روپے مالیت کا آتش بازی کا ممنوعہ سامان برآمد کر کے ملزم کو موقع پر ہی گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزم کی شناخت امیر حیدر قوم راجپوت سکنہ بلاک نمبر 14 کے نام سے ہوئی ہے، جو مذکورہ مکان کرائے پر لے کر وہاں آتش بازی کا سامان تیار کرتا تھا۔ تھانہ سٹی پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔اس موقع پر ڈی ایس پی صدر سرکل خانیوال چوہدری سعید احمد سیال کا کہنا تھا کہ "انسانی جانوں سے کھیلنے اور موت کا کاروبار کرنے والوں کو ہرگز معاف نہیں کیا جائے گا۔ ایسے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔”


