نواب شاہ (بیورو رپورٹ)
تھانہ اے سیکشن نواب شاہ کے مال خانے سے کروڑوں روپے مالیت کے طلائی زیورات کی گمشدگی کے ہلا دینے والے اسکینڈل میں پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے سابق ہیڈ محرر کو دبوچ لیا ہے۔ ایس ایس پی شہید بینظیر آباد ڈاکٹر سمیر نور چنہ کے سخت نوٹس اور ڈی آئی جی فیصل بشیر میمن کی خصوصی ہدایت پر تشکیل دی جانے والی تحقیقاتی ٹیم نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے ملزم کی نشاندہی پر 90 لاکھ روپے مالیت کا 257.56 گرام سونا (10 طلائی زیورات) بازیاب کر لیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق برآمد ہونے والے یہ قیمتی زیورات تھانہ اے سیکشن کے سنگین نوعیت کے مقدمہ نمبر 32/2007 (بجرم دفعات 302، 460 اور 380) کی کیس پراپرٹی کا حصہ تھے، جو مال خانے سے پراسرار طور پر غائب کر دیے گئے تھے۔ تحقیقاتی ٹیم، جس کی سربراہی ایس ایس پی سانگھڑ شاہنواز چاچڑ نے کی، نے اس گھناؤنے جرم میں ملوث سابق ہیڈ محرر پولیس اہلکار فہیم انڑ کے خلاف باضابطہ مقدمہ درج کر کے اسے سلاخوں کے پیچھے پہنچا دیا ہے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مجموعی طور پر 11 طلائی اشیاء میں سے 10 برآمد ہو چکی ہیں، جبکہ ایک طلائی ہار کی بازیابی کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں اور مزید اہم انکشافات متوقع ہیں۔ایس ایس پی ڈاکٹر سمیر نور چنہ نے دوٹوک الفاظ میں واضح کیا ہے کہ محکمہ پولیس کے اندر کالی بھیڑوں، بدعنوانی اور اختیارات کا ناجائز استعمال کرنے والوں کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے، اور ایسے عناصر کے خلاف بلاامتیاز سخت قانونی و محکمانہ کارروائی کا سلسلہ جاری رہے گا۔


