قصور (محمد وقاص اشرف)
تھانہ صدر پھولنگر پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف گھیرا تنگ کرتے ہوئے ایک اہم کارروائی کے دوران دو مبینہ منشیات فروشوں کو حراست میں لے لیا۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے لاکھوں روپے مالیت کی منشیات برآمد کر کے ان کے خلاف الگ الگ مقدمات درج کر لیے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق، ایس ایچ او صدر پھولنگر اسلم بھٹی کی سربراہی میں پولیس ٹیم نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے دو بدنام مبینہ منشیات فروشوں کو گرفتار کیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت گلزار جوئیہ (ساکنہ لمبے جاگیر) اور قیوم (ساکنہ جلیکی) کے ناموں سے ہوئی ہے، جو مبینہ طور پر طویل عرصے سے علاقے میں منشیات فروشی کے مکروہ دھندے میں ملوث تھے۔پولیس نے ملزمان کے قبضے سے 2 کلوگرام چرس اور 10 کلوگرام بھنگ برآمد کر کے امتناعِ منشیات کی دفعات کے تحت مقدمات درج کر لیے ہیں اور ان سے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔واضح رہے کہ ڈی پی او قصور آفتاب احمد پھلروان کی خصوصی ہدایات اور زیرِ نگرانی ضلع بھر سے منشیات کے مکمل خاتمے اور اس کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں تیزی سے جاری ہیں۔


