ملتان : ملتان کی معروف ‘رائل آرچرڈ ہاؤسنگ اسکیم’ میں انسانیت سوز اور دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا ہے، جہاں دو سفاک ٹھیکیداروں نے گھر کی الیکٹرک وائرنگ کا کام میں تاخیر ہونے پر 15 سالہ کمسن لڑکے پر تشدد کیا اور بعد ازاں تعاقب کرتے ہوئے اس پر تیز رفتار گاڑی چڑھا کر موقع پر ہی کچل کر قتل کر دیا۔
مقامی ذرائع کے مطابق مقتول 15 سالہ وسیم عباس کا تعلق مظفر گڑھ سے تھا جو اپنا اور اپنے اہل خانہ کا پیٹ پالنے اور روزگار کمانے کی خاطر ملتان آ کر الیکٹریشن (بجلی کا کام) سیکھ رہا تھا۔
بتایا گیا ہے کہ گھر کی وائرنگ کا کام لیٹ ہونے پر توقیر نامی ٹھیکیدار اور اس کے ساتھی نے 15 سالہ وسیم عباس کو پکڑ کر اس پر شدید تشدد کیا۔ لڑکا جان بچانے کے لیے ان کے چنگل سے نکل کر آگے بھاگا۔
دونوں ظالم ٹھیکیداروں نے گاڑی میں لڑکے کا تعاقب کیا اور اسے پیچھے سے شدید ٹکر مار کر گاڑی کے نیچے کچل ڈالا، جس کے نتیجے میں وسیم عباس زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی دم توڑ گیا۔
عینی شاہدین کے مطابق لڑکے کو خون میں لت پت کچلنے کے بعد دونوں ٹھیکیدار جس اطمینان اور بے حسی سے وہیں کھڑے رہے، اس نے ہر دیکھنے والے کا دل دہلا دیا۔
واقعے کے فوراً بعد موقع پر موجود محلے داروں اور شہریوں نے ہمت کا مظاہرہ کرتے ہوئے دونوں سفاک ٹھیکیداروں کو موقع پر ہی دھر لیا اور شدید احتجاج کرتے ہوئے انہیں پولیس کے حوالے کر دیا۔
پولیس نے مقتول وسیم عباس کی لاش کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دیا ہے اور ملزمان توقیر اور اس کے ساتھی کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی اور تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔ واقعے پر علاقہ مکینوں میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے اور مظفر گڑھ و ملتان کے شہریوں نے ظالم ٹھیکیداروں کو عبرتناک سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

