سانگھڑ (رپورٹ: اشفاق سلہری)
شہدادپور میں تین روز قبل ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہونے والے رمضان بروہی کے ورثاء نے سردار اعظم بروہی کی قیادت میں ٹنڈو آدم شہدادپور روڈ بلاک کرکے احتجاجی دھرنا دیا، جس کے باعث ٹریفک معطل ہوگئی۔مظاہرین کے مطابق مزدا ڈرائیور کو شہدادپور پولیس کے حوالے کیا گیا تھا، تاہم پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج نہیں کیا اور ملزم کو تھانے میں مہمانوں کی طرح بٹھا رکھا ہے۔ ورثاء کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے ایس ایچ او حنیف مہر سے مؤقف لینے کے لیے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے مبینہ طور پر گالم گلوچ اور بدتمیزی کی۔
دوسری جانب ایس ایچ او شہدادپور حنیف مہر نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ مزدا ڈرائیور پولیس کی حراست میں ہے اور ورثاء کے تھانے آنے پر مقدمہ درج کیا جائے گا۔ انہوں نے گالم گلوچ اور بدتمیزی کے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے ان کی تردید کی۔


