لاہور / مسقط:عالمی سطح پر پاکستان اور صوبہ پنجاب کا نام ایک بار پھر روشن ہو گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عمان کے دارالحکومت مسقط کے تاریخی کنونشن اینڈ ایگزیبیشن سینٹر میں منعقدہ ایک انتہائی پروقار اور عالمی تقریب کے دوران "یو این ہیبی ٹیٹ سکرول آف آنر” (UN-Habitat Scroll of Honour) ایوارڈ باضابطہ طور پر وصول کر لیا ہے۔ یہ باوقار بین الاقوامی اعزاز ان کے انقلابی فلیگ شپ پراجیکٹ "اپنی چھت، اپنا گھر” کو دنیا کا بہترین لو کاسٹ ہاؤسنگ پروجیکٹ تسلیم کیے جانے پر دیا گیا ہے۔
مسقط کے کنونشن سینٹر میں عالمی یومِ رہائش (World Habitat Day) کے موقع پر منعقدہ اس تقریب میں یونائیٹڈ نیشنز کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر اور ہیومین سیٹلمنٹ پروگرام کی سربراہ اینا کلوڈیا روزباخ نے وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف اور دیگر عالمی شخصیات کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔ جیسے ہی وزیر اعلیٰ مریم نواز نے یہ تاریخی ایوارڈ اسٹیج پر آ کر وصول کیا، پورا ہال پاکستان کے نعروں اور تالیوں سے گونج اٹھا۔
دنیا بھر کے 150 سے زائد پراجیکٹس میں سرفہرست اور پاکستان کی تاریخ کا پہلا اعزاز:
اقوام متحدہ کے ہیومین سیٹلمنٹ پروگرام سے متعلق یہ ایوارڈ دنیا کا اعلیٰ ترین بین الاقوامی اعزاز ہے، جو دنیا بھر سے غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے صرف پانچ منتخب ممالک اور اداروں کو دیا جاتا ہے۔ اس سال دنیا بھر کے 150 سے زائد پراجیکٹس میں پنجاب کا "اپنی چھت، اپنا گھر” پراجیکٹ سرفہرست رہا ہے۔
اس پُوقار اعزاز کو حاصل کرنے والوں میں وزیر اعلیٰ مریم نواز کے علاوہ میانمار کے ہٹو وینگ، برازیل کے تھیاگو باورمین گبرٹ، تیونس کے عبدالمالک غانم اور لندن کے مئیر صادق خان بھی شامل تھے۔
تاکستان نے اس سے قبل آخری بار 2007 میں یہ اعزاز حاصل کیا تھا، اور اب پورے 19 سال کے طویل وقفے کے بعد پاکستان کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ کسی صوبائی حکومت کے ہاؤسنگ پراجیکٹ کو عالمی سطح پر اس اتنے بڑے اعزاز سے نوازا گیا ہے۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے یہ عالمی ایوارڈ ان تمام محنت کش اور بے گھر شہریوں کے نام کیا ہے جنہوں نے اس پراجیکٹ کے ذریعے اپنے گھر کا خواب شرمندۂ تعبیر کیا ہے۔ تقریب کے دوران انہوں نے اقوام متحدہ کی خصوصی نمائش کے افتتاح میں بھی شرکت کی اور اہم ترقیاتی معاہدوں کی تقریب میں بطور اسٹیٹ گیسٹ خصوصی شرکت کی۔

