ایشین گیمز 2026 میں پاکستانی شوٹر جی ایم بشیر نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملک کے لیے ایک اور میڈل حاصل کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایشین گیمز میں شوٹنگ کے 25 میٹر ریپیڈ فائر پسٹل کے مقابلوں کے کوالیفائنگ مرحلے کے پہلے روز جی ایم بشیر آٹھویں پوزیشن پر تھے۔ تاہم، دوسرے روز انہوں نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے چھٹی پوزیشن حاصل کی اور میڈل راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کیا۔
میڈل راؤنڈ میں جی ایم بشیر نے بہترین فارم برقرار رکھی اور مجموعی طور پر 22 پوائنٹس حاصل کرکے تیسری پوزیشن کے ساتھ برانز میڈل اپنے نام کیا۔ اس کامیابی کے بعد ایونٹ میں پاکستان کے مجموعی میڈلز کی تعداد 6 ہو گئی ہے۔
واضح رہے کہ 3 مرتبہ اولمپکس میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے جی ایم بشیر اس سے قبل 2022 کی ورلڈ چیمپئن شپ میں بھی پاکستان کے لیے برانز میڈل جیت چکے ہیں۔

