لاہور:(اسد مرزا سے )
صوبائی دارالحکومت کی کوٹ لکھپت جیل میں قیدیوں کے مابین پیش آنے والے انتہائی پرتشدد جھگڑے کے نتیجے میں ایک قیدی جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے اس ہولناک واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے اعلیٰ سطح کی انکوائری کا حکم دے دیا ہے۔
ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق، سیکرٹری داخلہ نے واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے فوری طور پر ایک 3 رکنی اعلیٰ سطح کی انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ اس تحقیقاتی کمیٹی میں تجربہ کار افسران کو شامل کیا گیا ہے، جن میں ڈی آئی جی پریزن لاہور محسن رفیق، ڈی آئی جی پریزن ہیڈکوارٹر شوکت فیروز اور ڈی آئی جی پریزن انسپکشن نوید رؤف شامل ہیں۔ اس کمیٹی نے فوری طور پر جیل عملے اور زخمی قیدیوں سے پوچھ گچھ کر کے تحقیقات کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس افسوسناک واقعے کے ذمہ دار تمام عناصر کا کڑے احتساب کے ساتھ تعین کیا جائے گا اور غفلت برتنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت ترین کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
دوسری جانب سیکرٹری داخلہ کی خصوصی ہدایت پر آئی جی پریزن میاں سالک جلال اور ایڈیشنل سیکرٹری پریزن رومان بورانہ اس وقت جنرل ہسپتال میں موجود ہیں، جہاں وہ زخمی قیدیوں کے علاج معالجے کی خود نگرانی کر رہے ہیں اور ہسپتال انتظامیہ کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
کوٹ لکھپت جیل میں خونی تصادم: 1قیدی ق ت ل، 1 زخمی، تحقیقاتی کمیٹی قائم !


