عراق میں ملٹری آپریشنز کے خاتمے کا باضابطہ اعلان، سیکیورٹی اور دفاعی امور عراقی فورسز کے حوالے
بغداد (مانیٹرنگ ڈیسک):
امریکی افواج نے عراق میں 23 سال سے جاری اپنے ملٹری آپریشن کو باضابطہ طور پر ختم کرتے ہوئے ملک سے مکمل انخلا کا عمل مکمل کر لیا ہے۔
عراقی حکام اور عالمی ذرائع ابلاغ کے مطابق، امریکی افواج نے تمام اہم عسکری اڈوں کا کنٹرول عراقی سیکیورٹی فورسز کے سپرد کر دیا ہے۔ اس پیش رفت کے بعد عراق کی داخلی سیکیورٹی اور دفاع کی تمام تر ذمہ داریاں اب مکمل طور پر مقامی افواج کے پاس ہوں گی۔
واضح رہے کہ سال 2003ء میں امریکی قیادت میں بننے والے بین الاقوامی اتحاد نے عراق میں فوجی کارروائی کا آغاز کیا تھا۔ 23 سالہ طویل عسکری موجودگی کے دوران امریکی فورسز نے مختلف مرحلوں میں جنگی کارروائیوں، انسدادِ دہشت گردی کے آپریشنز اور عراقی سیکیورٹی اہلکاروں کی تربیت کی خدمات انجام دیں۔
عراقی حکومت نے اس موقع پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی عسکری مشن کا خاتمہ ملک کی مکمل خود مختاری کی طرف ایک اہم قدم ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان مستقبل کے تعلقات اب محض دفاعی مشاورت، سفارتی تعلقات اور معاشی تعاون کے فریم ورک کے تحت استوار رہیں گے۔

