ریاض: یمن معاملے پر پیدا ہونے والے سفارتی و سیاسی اختلافات کے بعد ایک بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں متحدہ عرب امارات کے نائب صدر، نائب وزیر اعظم اور صدارتی عدالت کے سربراہ شیخ منصور بن زاید آل نہیان سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان کی باضابطہ دعوت پر ریاض کا دورہ کر رہے ہیں۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق یمن تنازع کے بعد دونوں خلیجی ممالک کی قیادت کے درمیان یہ پہلا باضابطہ اور بالمشافہ اعلیٰ سطحی رابطہ ہے۔ سعودی عرب کے وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان کی جانب سے بھیجی گئی دعوت کو اماراتی نائب صدر نے قبول کر لیا ہے۔
اس اہم ملاقات کے دوران دونوں رہنما یمن کی موجودہ سیاسی و سیکیورٹی صورتحال، خطے میں امن و استحکام کے لیے جاری کوششوں، باہمی تعلقات کی بحالی اور دوطرفہ دلچسپی کے امور پر تفصیلی گفتگو کریں گے۔
سفارتی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یمن کے معاملے پر سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے مابین پیدا ہونے والے تناؤ کے بعد یہ دورہ دونوں برادر ممالک کے درمیان تعلقات کی بہتری اور تعطل کے خاتمے کی طرف ایک اہم پیش رفت ثابت ہوگا۔

