تہران :ایران کے رہبرِ اعلیٰ مجتبیٰ خامنہ ای نے کہا ہے کہ ’آج بعض لوگ ہمیں دنیا کی چوتھی سپر پاور قرار دیتے ہیں۔‘
خبر رساں ادارے تسنیم نیوز کے مطابق اپنے بیان میں مجتبیٰ خامنہ ای نے کہا کہ جو قوتیں کبھی ایران پر غلبہ حاصل کرنا چاہتی تھیں، اب انھیں ایران کی عسکری صلاحیتوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، اور ملک کی دفاعی صلاحیتوں نے گذشتہ دہائیوں کے مقابلے میں طاقت کے توازن کو تبدیل کر دیا ہے۔
ایرانی رہبر اعلیٰ نے کہا کہ آج ایران انحصار اور کمزوری کے مرحلے سے نکل کر خود مختاری، طاقت اور اسلامی دنیا میں ایک نمایاں مقام حاصل کر چکا ہے۔
مجتبیٰ خامنہ ای کا کہنا تھا: ’وہ ماضی، جس کی طرف ہمارا دشمن واپس جانا چاہتا ہے، گزر چکا ہے اور اب کبھی واپس نہیں آئے گا۔‘
بی بی سی فارسی کے مطابق مجتبیٰ خامنہ ای نے اپنے پیغام میں کہا کہ ایران اب ایسے مرحلے پر پہنچ چکا ہے جہاں خود جارح اور غلبہ پسند طاقتیں ’پناہ ڈھونڈتی ہیں اور جنگ کے خاتمے کی التجا کرتی ہیں۔‘
ایرانی رہبرِ اعلیٰ مجتبیٰ خامنہ ای اپنے والد کی جانشینی کے بعد سے عوامی سطح پر منظرِ عام پر نہیں آئے ہیں اور نہ ہی ان کا کوئی براہِ راست صوتی یا ویڈیو پیغام جاری ہوا ہے۔ ان سے منسوب تمام پیغامات اب تک صرف تحریری شکل میں سرکاری ذرائع ابلاغ یا ان سے منسلک ذرائع کے ذریعے ہی شائع کیے گئے ہیں۔
بعض لوگ ایران کو دنیا کی چوتھی سپر پاور قراردے رہے ہیں ، مجتبیٰ خامنہ ای

