کراچی :کراچی کی مقامی عدالت نے منشیات کیس میں نامزد ملزمہ انمول عرف پنکی اور ملزم سمیر پر فردِ جرم عائد کردی، تاہم دونوں ملزمان نے صحتِ جرم سے انکار کردیا۔
مقامی عدالت میں انمول پنکی اور سمیر کے خلاف منشیات کیس کی سماعت ہوئی، جس کے دوران دونوں ملزمان کو ویڈیو لنک کے ذریعے عدالت میں پیش کیا گیا۔
عدالت نے ملزمان کو مقدمے میں عائد الزامات پڑھ کر سنائے اور دونوں پر فردِ جرم عائد کردی۔ تاہم انمول پنکی اور سمیر نے الزامات تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہوئے صحتِ جرم سے انکار کیا۔
ملزمان کے انکار کے بعد عدالت نے مقدمے کے گواہوں کو نوٹس جاری کردیئے اور انہیں آئندہ سماعت پر پیش ہونے کی ہدایت کی۔ مقدمے میں اب استغاثہ کے گواہوں کے بیانات ریکارڈ کیے جائیں گے۔
یاد رہے کہ انمول عرف پنکی کو 12 مئی 2026 کو کراچی کے علاقے گارڈن میں پولیس اور ایک وفاقی حساس ادارے کی مشترکہ کارروائی کے دوران گرفتار کیا گیا تھا۔
پولیس کے مطابق خفیہ اطلاع پر کی گئی کارروائی میں ملزمہ کے قبضے سے تقریباً ڈیڑھ کلو کوکین، 9 ایم ایم پستول اور کوکین کی تیاری میں استعمال ہونے والا کیمیکل برآمد ہوا تھا۔
کراچی پولیس کے مطابق گرفتاری کے بعد انمول پنکی کو پہلے سے درج متعدد مقدمات میں بھی گرفتار ظاہر کیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمہ کے خلاف کراچی کے مختلف تھانوں میں 16 سے زائد مقدمات درج ہیں، جن میں منشیات فروشی، غیر قانونی اسلحہ رکھنے اور دیگر سنگین جرائم سے متعلق دفعات شامل ہیں۔
کوکین کوئین انمول عرف پنکی اور اسکے اکاؤنٹنٹ سمیر پر فردِ جرم عائد

