سانگھڑ رپورٹ اشفاق سلہری
سانگھڑ میں محکمہ پولیس میں بدعنوانی اور غفلت کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ایس ایس پی سانگھڑ شاہنواز چاچڑ نے منشیات فروشوں سے بھتہ وصولی اور ناجائز فوائد حاصل کرنے کے الزام میں 4 پولیس کانسٹیبلان کو ملازمت سے برطرف کردیا۔
پولیس کے مطابق انکوائری کے دوران مذکورہ اہلکاروں کے منشیات فروشوں سے مبینہ مسلسل رابطوں اور ہفتہ وار یا 15 روزہ بنیادوں پر بھتہ وصول کرنے کے الزامات ثابت ہوئے، جس کے بعد محکمانہ کارروائی کرتے ہوئے انہیں ملازمت سے برطرف کیا گیا۔
برطرف کیے جانے والے اہلکاروں میں کانسٹیبل عبدالقیوم ملک پولیس اسٹیشن ٹنڈو آدم سٹی، کانسٹیبل عمران علی بروہی پولیس اسٹیشن بی سیکشن ٹنڈو آدم، کانسٹیبل شاہنواز باگرانی پولیس اسٹیشن ٹنڈو آدم سٹی اور کانسٹیبل عبدالوہاب جعفری 15 مددگار ٹنڈو آدم شامل ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق بدعنوانی، اختیارات کے ناجائز استعمال اور محکمانہ نظم و ضبط کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، جبکہ محکمہ پولیس میں احتساب کا عمل جاری رکھا جائے گا۔





