انورزیب خان پشاور۔
صوبائی وزیر صحت خیبر پختونخوا خلیق الرحمن نے آج پشاور میں آل پاکستان فزیوتھراپی ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب میں شرکت کی۔ تقریب میں گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی، سابق ایم پی اے نگہت اورکزئی، ایم پی اے ارباب زرک خلیل اور دیگر متعلقہ حکام نے بھی شرکت کی۔اس موقع پر صوبائی وزیر صحت خلیق الرحمن نے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت فزیوتھراپسٹس کے مسائل کے حل، نوجوان فزیوتھراپسٹس کے لیے روزگار و پیشہ ورانہ ترقی کے مواقع پیدا کرنے اور فزیوتھراپی سروسز کو سرکاری نظامِ صحت میں مزید مؤثر بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ فزیکل تھراپی گریجویٹس کے لیے ہاؤس جاب اور فزیوتھراپسٹس کے لیے سروس اسٹرکچر کی منظوری اہم پیش رفت ہے، جبکہ BHU، THQ اور DHQ ہسپتالوں میں فزیوتھراپی سروسز کے فروغ اور نئی آسامیوں کے قیام پر بھی کام جاری ہے۔
خلیق الرحمن نے یقین دلایا کہ فزیوتھراپسٹس کے جائز مطالبات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا اور عوام کو معیاری فزیوتھراپی و بحالیِ صحت کی سہولیات ان کی دہلیز کے قریب فراہم کرنے کے لیے اقدامات جاری رہیں گے۔




