سرگودھا (راجہ نورالہی عاطف سے)
سرگودھا میں ایک پروقار عشائیے کا اہتمام کیا گیا جس میں یونیورسٹی آف سرگودھا کے سبکدوش ہونے والے وائس چانسلر کے اعزاز میں الوداعی تقریب جبکہ نئے چیف کمشنر ایف بی آر سرگودھا اور ڈی پی او سرگودھا کے استقبال کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب میں ڈویژنل کمشنر سرگودھا، ریجنل پولیس آفیسر سرگودھا، ڈائریکٹر جنرل نادرا، ڈی آئی جی جیل خانہ جات، ایڈیشنل کمشنرز ایف بی آر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز اور سرگودھا کے مختلف سرکاری محکموں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔
اس موقع پر شرکاء نے سبکدوش ہونے والے افسران کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا، جبکہ نئے تعینات ہونے والے افسران کو ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور ان کے لیے کامیابی کی دعا کی۔
تقریب کے انعقاد اور پرتکلف میزبانی پر چیئرمین بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن سرگودھا عباس حیدر گوندل کا خصوصی شکریہ ادا کیا گیا۔ ان کی جانب سے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات اور اعلیٰ سرکاری افسران کو ایک ہی میز پر جمع کرنا باہمی احترام، رفاقت اور عوامی خدمت کے جذبے کی خوبصورت عکاسی قرار دیا گیا۔
تقریب کے شرکاء نے اس امید کا اظہار کیا کہ سبکدوش ہونے والے اور نئے تعینات ہونے والے تمام افسران اپنی اپنی ذمہ داریوں میں مزید کامیابیاں حاصل کریں گے اور عوامی خدمت کے سفر کو اسی جذبے، وقار اور پیشہ ورانہ عزم کے ساتھ جاری رکھیں گے۔

