پسرور(محمد اشفاق سے )
پسرور میں خاتون سے مبینہ اجتماعی بداخلاقی کے واقعے پر تھانہ بڈیانہ پولیس نے مقدمہ درج کرکے تین ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ایف آئی آر کے مطابق متاثرہ خاتون نے پولیس کو بتایا کہ 7 ستمبر 2026 کو شام تقریبا ساڑھے سات بجے ایک شخص نے اسے فون کرکے اپنی دودھ دہی کی دکان پر بلایا اور کہا کہ وہ اسے بعض افراد سے رقم دلوا دے گا تاکہ وہ اپنے گھر کے لیے راشن خرید سکے۔خاتون کے بیان کے مطابق جب وہ مذکورہ شخص کے کہنے پر موضع لنگے تحصیل پسرور پہنچی تو اسے رقم دلوانے کے بہانے ایک ڈیرے پر لے جایا گیا، جہاں مبینہ طور پر اسے کوئی نشہ آور چیز پلائی گئی۔ ایف آئی آر میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ وہاں موجود تین افراد نے اس کے ساتھ باری باری زبردستی بداخلاقی کی۔واقعے کی اطلاع ملنے پر تھانہ بڈیانہ پولیس نے مقدمہ درج کرکے کارروائی کرتے ہوئے تینوں نامزد ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کر لیا۔ پولیس کی جانب سے مقدمے کی مزید تفتیش جاری ہے۔اہل علاقہ کا اس واقعہ پر شدید احتجاج، لوگوں کا کہنا ہے کہ اس کی فوری اور درست طریقے سے تحقیقات کروائی جائیں اور اگر جرم ثابت ہو جائے تو ملزمان کو قرار واقعی سخت سزا دلوائی جائے۔


