ملتان (ملک جابر عباس سے)
فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے سلمیٰ بٹ کی نگرانی میں گلگشت کے علاقے میں معروف فوڈ چین کی کافی شاپ کا معائنہ کیا۔ چیکنگ کے دوران ایکسپائر فوڈ کلر اور دیگر اجزا، غیرمعیاری سبزی و سلاد، سسری زدہ میدہ، بند واٹر فلٹر پلانٹ، ناقص کچن اور صفائی کے انتظامات سمیت بیکری اشیا کی نامکمل انوینٹری سامنے آئی۔
دوسری کارروائی میں معروف ریسٹورنٹ سے بڑی مقدار میں ایکسپائر چاکلیٹ، ناقص گوشت، زائدالمیعاد اجزا اور غیرمعیاری مصالحہ جات برآمد کیے گئے۔
فوڈ سیفٹی قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں پر دونوں مقامات کو سیل کر دیا گیا، جبکہ متعلقہ مالکان کو بھاری جرمانے بھی عائد کیے گئے۔
اس موقع پر سلمیٰ بٹ کا کہنا تھا کہ فوڈ سیفٹی ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد تک کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔ شہریوں کو معیاری، صاف اور محفوظ خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی۔

