ممبئی: آج کی مصروف طرزِ زندگی میں صحت مند رہنا ایک بڑا چیلنج بن گیا ہے۔ کھانے میں ملاوٹ، خراب موسم، آلودگی اور دیگر کئی عوامل مختلف بیماریوں کا سبب بن سکتے ہیں، ایسے میں ماہرین پیدل چلنے، ورزش کرنے اور متوازن غذا اپنانے کا مشورہ دیتے ہیں۔ حالیہ تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ کھانے کے بعد چہل قدمی کرنے والے افراد میں ذیابیطس، دل کی بیماریوں اور میٹابولک ڈس آرڈر کا خطرہ کم ہوسکتا ہے۔
ماہرین کے مطابق روزمرہ کی چند آسان عادات، جیسے کھانے کے بعد تھوڑی دیر ٹہلنا یا مٹھی بھر نٹس کھانا، کولیسٹرول اور بلڈ شوگر کی سطح کو کنٹرول کرنے کے ساتھ ساتھ دل کی بیماریوں کے خطرے کو کم کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوسکتی ہیں۔
ممبئی کے معروف سیفی اسپتال میں ایمرجنسی میڈیکل سروسز کے سربراہ ڈاکٹر مرتضیٰ ایس. باغ والا کے مطابق کھانے کے بعد چہل قدمی اور مٹھی بھر ڈرائی فروٹ کا استعمال صحت کے لیے فائدہ مند ہوسکتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ دوپہر یا رات کے کھانے کے بعد 10 سے 20 منٹ تک چہل قدمی کرنا ایک اچھی عادت ہے، اس سے جسم کے پٹھوں کو خوراک سے حاصل ہونے والی شوگر استعمال کرنے میں مدد ملتی ہے، جس کے نتیجے میں بلڈ شوگر کی سطح بہتر رہ سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ باقاعدگی سے چہل قدمی وزن کو کنٹرول کرنے، کولیسٹرول کی سطح بہتر بنانے، بلڈ پریشر کم کرنے اور دل کو صحت مند رکھنے میں بھی مددگار ثابت ہوسکتی ہے۔
ڈاکٹر مرتضیٰ ایس باغ والا کے مطابق بغیر نمک کے بادام، اخروٹ یا پستے کی ایک مٹھی کھانا بھی صحت کے لیے ایک اچھا انتخاب ہے۔ ان نٹس میں صحت مند چکنائیاں، فائبر اور اینٹی آکسیڈنٹس پائے جاتے ہیں، جو خراب کولیسٹرول یعنی LDL کو کم کرنے اور اچھے کولیسٹرول یعنی HDL کو بہتر بنانے میں مدد کرسکتے ہیں،انہوں نے مزید بتایا کہ نٹس کھانے سے کچھ دیر تک پیٹ بھرا ہوا محسوس ہوتا ہے، جس کی وجہ سے غیر صحت بخش غذائیں کھانے سے بھی بچا جاسکتا ہے۔
ڈاکٹر مرتضیٰ ایس. باغ والا نے کہا کہ بطور ایمرجنسی میڈیسن ڈاکٹر انہوں نے ہارٹ اٹیک اور بے قابو ذیابیطس میں مبتلا متعدد مریضوں کا علاج کیا ہے۔ ان کے مطابق اگر لوگ بروقت اپنی صحت کا خیال رکھنا شروع کردیں تو ان میں سے کئی بیماریوں سے بچاؤ ممکن ہے۔ روزمرہ کی چھوٹی چھوٹی صحت مند عادات دل کی بیماری، ذیابیطس اور ہائی کولیسٹرول کے خطرے کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتی ہیں۔
صحت مند رہنے کے لیے کیا کریں؟
ڈاکٹر مرتضیٰ ایس. باغ والا نے صحت مند رہنے کے لیے درج ذیل عادات اپنانے کا مشورہ دیا:
تازہ پھل، سبزیاں اور ثابت اناج کا استعمال کریں
تلی ہوئی اشیا، مٹھائیوں اور میٹھے مشروبات کا استعمال کم کریں
کسی بھی شکل میں تمباکو نوشی یا تمباکو کا استعمال نہ کریں
ہر رات 7 سے 8 گھنٹے کی بھرپور نیند لیں۔
بلڈ پریشر، بلڈ شوگر اور کولیسٹرول کی باقاعدگی سے جانچ کروائیں، خاص طور پر 30 سال سے زیادہ عمر کے افراد یا ایسے لوگ جن کے خاندان میں ان بیماریوں کی تاریخ رہی ہو۔
ڈاکٹر مرتضیٰ ایس. باغ والا کا کہنا ہے کہ صحت مند رہنے کے لیے کوئی بہت مشکل یا خاص کام کرنے کی ضرورت نہیں، یہ سب ہماری روزمرہ کی عادات پر منحصر ہے، کھانے کے بعد چند منٹ چہل قدمی کرنا یا مٹھی بھر نٹس کھانا بظاہر معمولی عادات ہیں، لیکن وقت کے ساتھ یہ دل کی صحت اور مجموعی جسمانی صحت پر مثبت اثر ڈال سکتی ہیں۔

