کراچی: پاکستان میں گاڑیوں کے معروف اسمبلر اور ڈسٹری بیوٹر ’لکی موٹر کارپوریشن‘ (LMC) نے سیلز ٹیکس کی شرح میں اضافے کا جواز پیش کرتے ہوئے اپنے مشہور ایس یو وی ماڈل ’سورینٹو‘ کی قیمتوں میں 12 لاکھ روپے تک کا نمایاں اضافہ کر دیا ہے، جبکہ اس کے ساتھ ہی مقامی مارکیٹ میں اسپورٹیج اور سورینٹو کے جدید ہائبرڈ ویرینٹس بھی متعارف کرا دیے گئے ہیں۔
کمپنی کی جانب سے جاری کردہ نوٹس کے مطابق، سیلز ٹیکس بڑھنے کے بعد پیدا ہونے والے مالیاتی دباؤ کا ایک بڑا حصہ کمپنی نے خود برداشت کرنے کی کوشش کی ہے تاکہ صارفین پر بوجھ کم سے کم رکھا جا سکے، تاہم ناگزیر وجوهات کی بنا پر قیمتوں میں ردوبدل کرنا پڑا۔
نئے ہائبرڈ ویرینٹس اور قیمتیں:
لکی موٹر کارپوریشن نے اسپورٹیج اور سورینٹو کی نئی رینج پیش کی ہے جس کی تفصیلات درج ذیل ہیں:
اسپورٹیج ایل 1.6 ٹی ایف ڈبلیو ڈی ایچ ای وی: قیمت 1 کروڑ 21 لاکھ 99 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔
اسپورٹیج ایل 1.6 ٹی اے ڈبلیو ڈی ایچ ای وی: قیمت 1 کروڑ 32 لاکھ 99 ہزار روپے رکھی گئی ہے۔
سورینٹو 1.6 ٹی ایف ڈبلیو ڈی ایچ ای وی: قیمت 1 کروڑ 52 لاکھ 99 ہزار روپے سے بڑھا کر 1 کروڑ 62 لاکھ 99 ہزار روپے کر دی گئی ہے۔
سورینٹو 1.6 ٹی اے ڈبلیو ڈی ایچ ای وی: اس کی قیمت 1 کروڑ 66 لاکھ 99 ہزار روپے سے بڑھا کر 1 کروڑ 78 لاکھ 99 ہزار روپے کر دی گئی ہے۔
سورینٹو 1.6 ٹی اے ڈبلیو ڈی پی ایچ ای وی (پلگ اِن ہائبرڈ): اسے پہلی بار 1 کروڑ 89 لاکھ 99 ہزار روپے کی قیمت پر مارکیٹ میں لانچ گیا ہے، جو روایتی انجن اور الیکٹرک دونوں صلاحیتوں سے لیس ہے۔
دوسری جانب سورینٹو 3.5 ایل وی 6 کی قیمت میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی اور یہ پرانی قیمت 1 کروڑ 36 لاکھ 49 ہزار روپے پر ہی دستیاب رہے گی۔
ماڈلز کی تبدیلی اور بکنگ سے متعلق شرائط:
کمپنی نے اپنے پرانے ماڈلز جیسے کہ اسپورٹیج ایل الفا (قیمت 78 لاکھ 99 ہزار روپے) کی فروخت بند کر دی ہے، جبکہ محدود اسٹاک کے علاوہ بعض پرانے ویرینٹس بھی اب مارکیٹ میں نہیں ملیں گے۔ نئے اسپورٹیج ایل فیس لفٹ ماڈل میں نیا بیرونی ڈیزائن، اسٹار میپ ڈی آر ایل لائٹس، الائے رمز اور لگژری اندرونی کیبن شامل کیا گیا ہے۔
کمپنی نے واضح کیا ہے کہ ایکس فیکٹری قیمتوں میں فریٹ اور انشورنس کے اخراجات شامل نہیں ہیں، اور حکومت کی جانب سے مستقبل میں عائد ہونے والے کوئی بھی نئے ٹیکسز یا ڈیوٹیز صارفین کو خود ادا کرنا ہوں گے۔ علاوہ ازیں، 15 اگست 2026 کے بعد کی جانے والی بکنگز پر آسان ماہانہ اقساط (ای ایم آئی) کی سہولت بھی ختم کر دی گئی ہے۔

