لاہور/اسلام آباد: وفاقی حکومت اور گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد کے درمیان ہونے والے مذاکرات ناکام ہو گئے ہیں، جس کے بعد آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اونرز ایسوسی ایشن نے کل سے ملک بھر میں غیر معینہ مدت کے لیے مکمل گڈز ٹرانسپورٹ ہڑتال کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔
آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اونرز ایسوسی ایشن کے صدر محمد اویس چوہدری نے تصدیق کی ہے کہ آج وفاقی حکومت کے ساتھ ٹرانسپورٹرز اتحاد کے اہم مذاکرات منعقد ہوئے، جن میں وفاقی وزیر برائے مواصلات عبدالعلیم خان اور دیگر متعلقہ حکومتی حکام بھی شریک تھے۔ انہوں نے بتایا کہ ان مذاکرات میں ٹرانسپورٹرز کے تمام بنیادی مطالبات انتہائی دوٹوک انداز میں پیش کیے گئے، لیکن حکومت کی جانب سے مطالبات پر کوئی بھی قابلِ قبول یا مثبت پیش رفت نہیں کی گئی، جو کہ اس ہڑتال کی بنیادی وجہ بنی ہے۔
گڈز ٹرانسپورٹ کی اس غیر معینہ مدت کی ہڑتال کے باعث ملک بھر میں سپلائی چین متاثر ہونے اور تجارتی سرگرمیوں کو شدید دھچکا لگنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ ٹرانسپورٹ اتحاد کا کہنا ہے کہ جب تک ان کے جائز مطالبات تسلیم نہیں کیے جاتے، ملک بھر میں گڈز ٹرانسپورٹ کا پہیہ جام رہے گا۔

