چکوال: (جلیل نقوی سے)
چیئرمین واسا پنجاب نوابزادہ چوہدری شیر علی خان نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے تحت صوبے بھر میں واسا کے دائرہ کار کو وسعت دیتے ہوئے تمام اضلاع میں صاف پینے کے پانی، جدید سیوریج نظام اور شہری سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں۔ چکوال کے دورے کے موقع پر مسلم لیگ (ن) سیکرٹریٹ بھون روڈ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ چکوال، تلہ گنگ اور دیگر شہری علاقوں میں اربوں روپے کی لاگت سے جدید واٹر فلٹریشن پلانٹس اور پانی و سیوریج کے منصوبوں پر کام جاری ہے، جن سے دیرینہ مسائل کے حل اور شہریوں کو معیاری پینے کے پانی کی فراہمی میں نمایاں بہتری آئے گی۔
اس موقع پر پارلیمانی سیکرٹری چیف منسٹر انسپیکشن ٹیم و رکن پنجاب اسمبلی چوہدری سلطان حیدر علی خان، رکن پنجاب اسمبلی ملک فلک شیر اعوان اور رکن پنجاب اسمبلی ملک شہریار اعوان بھی موجود تھے۔ چوہدری سلطان حیدر علی خان نے کہا کہ چکوال میں صاف پانی کی فراہمی کے منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے جبکہ چیئرمین واسا کو ترقیاتی سکیموں، پانی کی فراہمی اور بلنگ سے متعلق امور پر تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔
پریس کانفرنس کے دوران میڈیا کے سوالات کے جواب میں چیئرمین واسا پنجاب نے واضح کیا کہ اوور بلنگ یا بغیر کنکشن کسی شہری کو بل جاری کیے جانے کی شکایات درست ثابت ہونے پر متعلقہ افسران اور اہلکاروں کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو بلاجواز مشکلات میں ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور شفافیت و میرٹ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔

