لاہور : پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے لاہور اور مانچسٹر کے درمیان براہِ راست فضائی رابطے کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں افتتاحی پرواز PK-709 بدھ کی شب 325 مسافروں کو لے کر لاہور ایئرپورٹ سے مانچسٹر کے لیے روانہ ہوئی۔
لاہور ایئرپورٹ پر پرواز کی روانگی کے موقع پر ایک خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ پی آئی اے کی مقامی انتظامیہ اور مانچسٹر ایئرپورٹ گروپ کے حکام نے مسافروں کو رخصت کیا۔ اس موقع پر مسافروں نے براہِ راست پروازوں کی بحالی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اسے برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔
پروازوں کا نیا شیڈول
اس نئی سروس کے آغاز کے بعد اب پاکستان اور مانچسٹر کے درمیان پی آئی اے کی ہفتہ وار پروازوں کی تعداد 5 ہو گئی ہے، جس کی تفصیل درج ذیل ہے:
اسلام آباد سے مانچسٹر: ہفتہ وار 4 پروازیں۔
لاہور سے مانچسٹر: ہفتہ وار 1 پرواز۔
یاد رہے کہ اکتوبر 2025 میں پی آئی اے نے برطانیہ کے لیے 5 سالہ طویل وقفے کے بعد پروازیں دوبارہ شروع کی تھیں۔ یہ ممکنہ اقدام 16 جولائی 2025 کو برطانیہ کی جانب سے پی آئی اے کو ایئر سیفٹی لسٹ سے نکالنے کے بعد عمل میں آیا تھا۔ ابتدائی طور پر صرف اسلام آباد سے مانچسٹر کے لیے پروازیں شروع کی گئی تھیں، جبکہ اب لاہور سے بھی اس سروس کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ پی آئی اے انتظامیہ کے مطابق، اگلے مرحلے میں برمنگھم اور لندن کے لیے بھی براہِ راست پروازیں شروع کرنے کا منصوبہ زیرِ غور ہے۔

