دیر بالا(بیورو چیف ریاض ابوالخیل)
دیر بالا:کمشنر ملاکنڈ مسعود احمد اور ریجنل پولیس آفیسر ملاکنڈ سید فدا حسن شاہ نے دیر بالا کا دورہ کیا اور ضلع میں امن وامن کا تفصیلی جائزہ لیا۔ موجودہ سیکیورٹی صورتحال اور علاقائی امن و امان کو مزید مستحکم بنانے کے مقصد سے ڈسٹرکٹ جرگہ ہال دیر بالا میں ایک اہم امن جرگہ منعقد ہوا۔ جس میں کمشنر ملاکنڈ ڈویژن مسعود احمد، ریجنل پولیس آفیسر ملاکنڈ سید فدا حسن شاہ، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر دیر بالا اسلم نواز، ڈپٹی کمشنر دیر بالا منظور احمد افریدی سمیت دوبندو، بیکارے اور ہاتن درہ کے معزز علاقہ مشران نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔جرگے کا مقصد ضلع میں امن و امان کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لینا، علاقہ مشران کی آراء اور تجاویز سے استفادہ حاصل کرنا اور عوام و سیکیورٹی اداروں کے مابین باہمی روابط اور اعتماد کو مزید مضبوط بنانا تھا۔اس موقع پر مقررین نے اپنے خطابات میں کہا کہ دیر بالا میں امن و استحکام کے قیام میں مقامی عوام کا کردار انتہائی اہم اور قابل ستائش ہے۔ عوام اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان مثالی تعاون کی بدولت ضلع میں امن کی فضا برقرار ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ علاقہ مکین مستقبل میں بھی قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سیکیورٹی فورسز کے ساتھ اسی جذبے کے تحت تعاون جاری رکھیں گے۔

