شوبز ڈیسک: معروف پاکستانی اداکار ہمایوں سعید اور مہوش حیات کی آن اسکرین کیمسٹری تو ہر کسی کو پسند ہے، لیکن حال ہی میں ایک ٹی وی شو کے دوران ہمایوں سعید کی جانب سے مہوش حیات کے جیون ساتھی کی پسند پر کیے گئے انکشافات نے سوشل میڈیا پر ہلچل مچا دی ہے۔
شو کے دوران ہمایوں سعید نے مہوش حیات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ جب بھی شوٹنگ سیٹ پر آتی ہیں تو ماحول ہی بدل جاتا ہے، وہ کسی کو پریشان نہیں کرتیں اور اپنا زیادہ تر وقت آئینے کے سامنے گزارتی ہیں۔ ہمایوں نے مزید کہا کہ ان کی پرفیوم کی خوشبو سے پورے سیٹ کو اندازہ ہو جاتا ہے کہ مہوش حیات پہنچ چکی ہیں۔
گفتگو کے دوران بات جب شادی کی نکلی تو ہمایوں سعید نے مذاق کرتے ہوئے بڑا دعویٰ کیا کہ "مہوش حیات کو شادی کے لیے کوئی دیسی شخص نہیں بلکہ ‘گورا’ (غیر ملکی) مرد چاہیے،” جس پر سیٹ پر موجود گوہر رشید اور مہوش حیات کھلکھلا کر ہنس پڑے۔
ہمایوں سعید نے مزید شرارت کرتے ہوئے کہا کہ مہوش شوٹنگ کے دوران انہیں اکثر بتاتی رہتی تھیں کہ انہیں ‘گورا’ جیون ساتھی چاہیے۔ اس پر اداکارہ نے فوری ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ "ہمایوں جھوٹ بول رہے ہیں، ایسی کوئی بات نہیں ہے۔”
بعد ازاں، مہوش حیات نے اس بحث کو ایک خوبصورت انداز میں سمیٹتے ہوئے مسکراتے ہوئے کہا کہ، "گورا ہو یا کالا ہو، بس دل والا ہو،” جس سے یہ واضح ہوا کہ اداکارہ کے لیے انسان کی ظاہری شکل سے زیادہ اس کا دل اہمیت رکھتا ہے۔
اداکاروں کی اس نوک جھونک اور ہلکے پھلکے انداز نے ناظرین کو خوب محظوظ کیا اور یہ کلپ دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا۔

