خانیوال(اصغر علی جعفری نمائندہ بے نقاب نیوز)
خون سفید ہو گیا: پولیس والا بھائی "قصائی” بن گیا، زمین کے تنازع پر دو سگے بھائیوں کو خنجر کے وار سے لہولہان کر دیا
مخدوم پور کے نواحی علاقے چک نمبر 11 اے ایچ میں تھانہ کچا کھوہ میں تعینات کانسٹیبل رانا کامران کا اپنے اہل خانہ کے ساتھ مکان کے تنازع پر عرصہ دراز سے جھگڑا چل رہا ہے۔ کچھ ماہ قبل بھی ملزم نے اپنے والد، پاک فوج میں حاضر سروس بھائی اور ڈگری کالج خانیوال کے کلرک بھائی پر قاتلانہ حملہ کر کے انہیں شدید زخمی کیا تھا، جس پر تھانہ مخدوم پور میں مقدمہ بھی درج ہوا تھا۔ تاہم اس وقت ملزم نے دباؤ ڈال کر صلح کر لی تھی۔
صلح کے باوجود ملزم باز نہ آیا اور اکثر و بیشتر اپنے والد اور بھائیوں کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دیتا رہا۔ آج ملزم رانا کامران نے اپنے دو نامعلوم ساتھیوں کے ہمراہ، جو جدید اسلحہ سے لیس تھے، اپنے بھائیوں پر خنجروں سے حملہ کر دیا۔ حملے کے نتیجے میں دو بھائی شدید زخمی ہو گئے۔ خود کو قانون کی گرفت سے بچانے کے لیے ملزم نے اپنے جسم پر خود چاقو کے وار کیے تاکہ خود کو زخمی ظاہر کر کے بچ نکل سکے۔
اطلاع ملتے ہی مخدوم پور پولیس فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ پولیس نے زخمیوں کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا ہے۔ ایس ایچ او مخدوم پور کا کہنا ہے کہ ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں

