شہدادپور (رپورٹ عمران قمر )
شہدادپور کی سیاسی، سماجی، علمی، ادبی اور صحافتی حلقوں کی معروف شخصیت، پریس کلب شہدادپور کے نائب صدر اور قوم پرست رہنما انجم بگھیو طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے۔ ان کے انتقال کی خبر پھیلتے ہی شہدادپور سمیت پورے علاقے میں غم کی لہر دوڑ گئی اور مختلف حلقوں کی جانب سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا۔ مرحوم کی نماز جنازہ ان کے آبائی گاؤں علی محمد بگھیو میں ادا کی گئی، جس میں سیاسی و سماجی رہنماؤں، صحافیوں، وکلاء، ادیبوں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جس کے بعد انہیں آہوں اور سسکیوں کے ساتھ آبائی قبرستان میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔ جبکہ مرحوم کے گاؤں میں تعزیت سلسلہ جاری ہے۔
دوسری جانب پریس کلب شہدادپور کی انتظامیہ نے انجم بگھیو کے انتقال پر تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔ پریس کلب کے صدر ارشاد بخاری اور جنرل سیکریٹری مہدی حسن پنہور نے اپنے مشترکہ بیان میں مرحوم کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انجم بگھیو مظلوموں کی آواز اور سچائی کے علمبردار تھے۔

