لاہور:لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر میں بارشوں اور تیز ہواؤں کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا، جبکہ کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی متاثر ہوئی ہے۔
لاہور کے مختلف علاقوں میں تیز آندھی اور گرد آلود ہواؤں کے بعد بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ جوہر ٹاؤن، ٹاؤن شپ، ماڈل ٹاؤن، گرین ٹاؤن، ڈی ایچ اے، کینٹ اور گردونواح میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ریکارڈ کی گئی۔
کینال روڈ، فیروزپور روڈ، جیل روڈ، مغل پورہ، دھرم پورہ اور اقبال ٹاؤن میں بھی بارش کا سلسلہ جاری رہا، جس کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا۔
تاہم مختلف علاقوں میں بارش اور تیز ہواؤں کے باعث بجلی کی فراہمی متاثر ہونے کی اطلاعات بھی موصول ہوئیں۔دوسری جانب گجرات میں بھی بادل خوب برسے اور وقفے وقفے سے جاری رہنے والی بارش نے شہر کا موسم خوشگوار بنا دیا۔
تاہم بارش کے باعث شہر کے متعدد نشیبی علاقے زیر آب آگئے جبکہ مختلف فیڈرز ٹرپ ہونے سے بجلی کی آنکھ مچولی بھی جاری رہی، جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بارش نے موسم کا رنگ ہی بدل دیا۔ بادلوں کی گھن گرج کے ساتھ ہونے والی بارش نے شدید گرمی کا زور توڑ دیا اور شہر کی خوبصورتی میں مزید اضافہ کر دیا۔
مارگلہ کی پہاڑیوں سمیت شہر بھر میں درختوں اور سڑکوں پر جمی دھول دھل گئی، جس سے قدرتی مناظر مزید دلکش ہوگئے۔
خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر، اسلام آباد اور پنجاب کے بعض علاقوں میں علی الصبح سے ہی بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ سیاہ و سفید بادلوں کی گھن گرج اور موسلا دھار بارش نے کئی علاقوں میں جل تھل ایک کر دیا جبکہ شہریوں نے گرمی سے وقتی نجات پر اطمینان کا اظہار کیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اب تک سب سے زیادہ بارش اسلام آباد اور راولپنڈی میں ریکارڈ کی گئی جہاں 50 ملی میٹر سے زائد بارش ہوئی۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ فعال موسمی نظام ملک کے مختلف حصوں پر اثر انداز ہے اور اس کے زیر اثر 5 جون تک مزید بارشوں کا امکان ہے۔
خیبر پختونخوا ، اسلام آباد لاہور سمیت پنجاب بھر میں بارشیں ، موسم خوشگوار

