سلام آباد (عاشر علی )
شہریوں کے لیے اب پاسپورٹ دفتر جانے اور طویل قطاروں میں کھڑے ہونے کی ضرورت نہیں کیونکہ نیا پاسپورٹ اب خود چل کر آپ کے گھر آئے گا۔ امیگریشن اینڈ پاسپورٹ ڈیپارٹمنٹ نے نادرا کے تکنیکی اشتراک سے ایک انقلابی ڈیجیٹل سسٹم متعارف کرایا ہے، جس کے تحت شہری گھر بیٹھے موبائل ایپ یا آن لائن پورٹل کے ذریعے نئے پاسپورٹ یا اس کی تجدید کی درخواست دے سکتے ہیں۔
اس جدید نظام میں نیشنل بینک کے چالان کا پرانا طریقہ ختم کر کے فیسوں کی آن لائن ادائیگی کو لازمی قرار دیا گیا ہے، جبکہ درخواست کی منظوری کے بعد پاسپورٹ اسلام آباد ہیڈ کوارٹر سے براہِ راست کورئیر سروس کے ذریعے سائل کے گھر کے پتے پر ڈیلیور کر دیا جائے گا۔ ای-گورننس پر مبنی یہ تاریخی اقدام نہ صرف ایجنٹ مافیا اور دفاتر کے رش کا مکمل خاتمہ کرے گا،بلکہ شہریوں کو جدید چیٹ بوٹ کے ذریعے اپنے پاسپورٹ کا سٹیٹس ٹریک کرنے کی سہولت بھی فراہم کرے گا۔


