باکو/ لاہور: پنجاب کی وزیرِ اطلاعات عظمیٰ بخاری نے آذربائیجان کے دارالحکومت باکو میں جاری ‘ورلڈ اربن فورم’ سے اہم بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا انقلابی منصوبہ "اپنی چھت، اپنا گھر” عالمی سطح پر توجہ کا مرکز بن چکا ہے۔ باکو میں قائم پنجاب حکومت کا پویلین غیر ملکی مہمانوں اور عالمی مندوبین کے لیے خصوصی کشش کا حامل ہے، اور وزیراعلیٰ مریم نواز آج خود اس تاریخی اور فلاحی منصوبے کو دنیا کے سامنے پیش (Showcase) کریں گی۔
صوبائی وزیرِ اطلاعات عظمیٰ بخاری نے مریم نواز حکومت کی اب تک کی شاندار کارکردگی کے اعداد و شمار شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ یہ پروگرام اپنی نوعیت کا دنیا کا منفرد ترین منصوبہ ہے "اپنی چھت، اپنا گھر” پروگرام کے تحت اب تک 1 لاکھ گھر مکمل ہو چکے ہیں۔
مزید 60 ہزار گھروں کی تعمیر کا کام گراؤنڈ پر تیز رفتاری سے جاری ہے وزیراعلیٰ مریم نواز کا ہدف ہے کہ آئندہ 5 سالوں میں 5 لاکھ مستحق خاندانوں کو ان کی اپنی چھت فراہم کی جائے۔
عظمیٰ بخاری نے پنجاب حکومت کی کارکردگی کا موازنہ کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت زبانی جمع خرچ پر یقین نہیں رکھتی۔
"جب پنجاب میں حقیقی کام ہوتا ہے تو پوری دنیا اس حقیقت کو تسلیم کرتی ہے۔ ہمارے تمام ترقیاتی منصوبے صرف سرکاری فائلوں کی زینت نہیں بنتے، بلکہ گراؤنڈ پر عوام کو ڈیلیور کرتے ہوئے نظر آتے ہیں۔”
صوبائی وزیرِ اطلاعات نے کہا ہے کہ "جو لوگ کارکردگی کے میدان میں مریم نواز شریف کا مقابلہ کرنے کی سکت نہیں رکھتے، ان کی سوچ کا معیار یہ ہے کہ اب انہیں مریم نواز کے جوتوں سے بھی تکلیف ہونا شروع ہو گئی ہے۔”
"جو کارکردگی کا مقابلہ نہیں کر سکتے، انہیں مریم نواز کے جوتوں سے بھی تکلیف ہے” عظمیٰ بخاری

