جیکب آباد: رپورٹ مجیب کھوسو
شہریوں کے صبر کا پیمانہ لبریز، عام انسان تحریک کی جانب سے بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ اور پینے کے پانی کی سنگین قلت کے خلاف شہید اللہ بخش پارک سے ایک بھرپور اور تاریخی احتجاجی ریلی نکالی گئی، جس نے شہر بھر میں انتظامیہ اور سیپکو کے خلاف شدید عوامی غم و غصے کی عکاسی کی۔ ریلی کی قیادت سید علی شاہ، الطاف میرانی، مجیب کوسو، اور ندیم جویو نے کی۔ریلی میں شہریوں، سیاسی و سماجی کارکنوں، نوجوانوں اور متاثرہ عوام کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر “بجلی دو، پانی دو”، “سیپکو کی نااہلی نامنظور” اور “عوام کو زندہ رہنے کا حق دو” جیسے نعرے درج تھے۔ احتجاج کے دوران شہر کی فضا شدید نعرے بازی سے گونجتی رہی جبکہ مظاہرین نے سیپکو اور ضلعی انتظامیہ کے خلاف سخت غم و غصے کا اظہار کیا۔

