نیو میکسیکو:امریکہ کے نیو میکسیکو میں ایک جیوری نے منگل کو میٹا کو بچوں کی ذہنی صحت کو نقصان پہنچانے اور بچوں کے جنسی استحصال سے متعلق خطرات کو چھپانے کا قصوروار ٹھہرایا۔ تقریباً 7 ہفتوں تک جاری رہنے والے اس مقدمے کی سماعت کے بعد آنے والے اس فیصلے کو ٹیک کمپنیوں کے خلاف سختی کے بڑھتے رجحان کے طور پر دیکھا جارہا ہے۔
جیوری نے ریاستی استغاثہ کے حق میں فیصلہ دیتے ہوئے کہا کہ میٹا (انسٹاگرام، فیس بک اور واٹس ایپ کا مالک) نے منافع کو حفاظت پر ترجیح دی۔ جیوری نے پایا کہ کمپنی نے بچوں کی ذہنی صحت اور جنسی استحصال کے خطرات کے بارے میں گمراہ کن معلومات فراہم کیں اور غیر منصفانہ کاروباری طریقوں کا استعمال کیا۔ جیوری نے پایا کہ ہزاروں خلاف ورزیاں ہوئی ہیں جن کی بنیاد 375 ملین ڈالر یعنی تقریباً 3100 کروڑ روپئے کا جرمانہ طے کیا گیا جو استغاثہ فریق کے مطالبے سے کافی کم ہے۔ حالانکہ کمپنی کی مارکیٹ ویلیو تقریباً 1.5 ٹریلین ڈالر ہے اور فیصلے کے بعد اس کے حصص میں تقریباً 5 فیصد اضافہ دیکھا گیا۔
فی الحال میٹا کو فوری طور پر اپنے کام کاج میں بدلاؤ کرنے کے لیے مجبور نہیں کیا گیا ہے۔ اب یہ طے کرنا ایک جج پر منحصر ہوگا کہ کیا میٹا کے پلیٹ فارم عوامی نقصان کا سبب بنے اور کیا کمپنی کو اس کے نتیجے میں ہونے والے نقصانات کی تلافی کرنی ہوگی۔ اس معاملے کی اگلی سماعت مئی میں ہوگی۔
اس دوران میٹا کے ترجمان نے عدالت کے فیصلے سے اختلاف کا اظہار کیا اور کہا کہ کمپنی اپیل کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ میٹا اپنے پلیٹ فارمز پر لوگوں کو محفوظ رکھنے کے لیے مسلسل کام کرتا ہے اور نقصان دہ مواد کو ہٹانے کی کوشش کرتا ہے۔ یہ معاملہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے خلاف قانونی مقدمات کی بڑھتی ہوئی تعداد میں سے ایک ہے۔ نیو میکسیکو کے اٹارنی جنرل راؤل ٹوریز کے ذریعہ 2023 میں دائر مقدمہ میں الزام لگایا گیا تھا کہ میٹا سوشل میڈیا کے خطرات اور نشے کے مسائل کو مکمل طور پر ظاہر کرنے میں ناکام رہا۔
جیوری نے اس بات کا بھی جائزہ لیا کہ کمپنی نے 13 سال سے کم عمر کے صارفین پر پابندیاں نافذ کرنے، نوعمروں کی خودکشی سے متعلق مواد اور نقصان دہ مواد کو فروغ دینے والے الگورتھم جیسے مسائل پر کیا معلومات شیئر کیں۔ میٹا کے وکلاء نے کہا کہ کمپنی خطرات کو اجاگر کرتی ہے اور نقصان دہ مواد کو ہٹانے کی کوشش کرتی ہے، حالانکہ کچھ مواد حفاظتی طریقہ کار سے بچ نکلتا ہے۔
"میٹا کے ’خطرناک‘ الگورتھم اور نوعمروں کی خودکشی کا مواد: جیوری نے فیس بک کی اندرونی فائلیں کھول دیں، ہوشربا انکشافات!”

