لندن :نیوز ویب سائٹ دی ایج کے مطابق سابق بین الاقوامی کرکٹ کپتانوں نے دنیا بھر سے پاکستان کے وزیرِاعظم شہباز شریف کو ایک خط لکھا ہے جس میں سابق پاکستانی کپتان عمران خان کی صحت پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ اُن کے ساتھ ‘وقار اور بنیادی انسانی ہمدردی’ کا برتاؤ کیا جائے۔
حالیہ رپورٹس میں عمران خان کی بینائی سے متعلق سنگین مسئلے کا ذکر کیا گیا تھا۔ اُن کے اہلِ خانہ کے مطابق جیل میں طبی غفلت کے باعث ان کی دائیں آنکھ میں بینائی کم ہو چکی ہے۔
اس خط کا مسودہ سابق آسٹریلوی کپتان گریگ چیپل نے تیار کیا، جس پر اُن سمیت ایئن چیپل، سنیل گواسکر، کپل دیو، سر کلائیو لائیڈ، ایلن بارڈر، مائیکل ایتھرٹن، ناصر حسین، مائیکل بریرلی، ڈیوڈ گاور، سٹیو وا، جان رائٹ، کم ہیوز اور بیلنڈا کلارک نے دستخط کیے۔ ان میں سے بیشتر کھلاڑی اپنے کیریئر کے دوران عمران خان کے مدِمقابل کھیل چکے ہیں۔
خط میں کہا گیا ہے کہ حراست کے دوران عمران خان کی صحت، خصوصاً بینائی میں خطرناک حد تک کمی اور گذشتہ ڈھائی برسوں میں قید کے حالات سے متعلق رپورٹس نے ہمیں گہری تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔
خط میں مزید کہا گیا کہ ’عمران خان کی کرکٹ کے لیے خدمات کو عالمی سطح پر سراہا جاتا ہے۔ بطور کپتان انہوں نے پاکستان کو 1992 کے تاریخی کرکٹ ورلڈ کپ میں فتح دلائی، یہ کامیابی مہارت، ثابت قدمی، قیادت اور کھیل کے جذبے کی علامت تھی، جس نے سرحدوں کے پار نسلوں کو متاثر کیا۔‘
کپتانوں نے لکھا کہ اُن میں سے کئی نے عمران خان کے خلاف کھیلتے ہوئے میدان شیئر کیا یا اُن کی آل راؤنڈ صلاحیت، کرشماتی شخصیت اور مسابقتی جذبے کو اپنا آئیڈیل بنایا۔ وہ اب بھی کھیل کی تاریخ کے عظیم ترین آل راؤنڈرز اور کپتانوں میں شمار ہوتے ہیں، جنہیں کھلاڑیوں، شائقین اور منتظمین سب کا احترام حاصل ہے۔
خط میں مزید کہا گیا کہ ’کرکٹ سے ہٹ کر بھی عمران خان نے پاکستان کے وزیرِاعظم کی حیثیت سے ایک مشکل دور میں ملک کی قیادت کی۔‘
کپتانوں نے حکومتِ پاکستان سے مطالبہ کیا کہ عمران خان کو فوری، مناسب اور مسلسل طبی امداد فراہم کی جائے، اُنہیں اپنی پسند کے مستند ماہر ڈاکٹروں تک رسائی دی جائے، قید کے انسانی اور باوقار حالات یقینی بنائے جائیں، قریبی اہلِ خانہ سے باقاعدہ ملاقات کی اجازت دی جائے، اور قانونی کارروائی تک منصفانہ اور شفاف رسائی میں کسی قسم کی تاخیر یا رکاوٹ نہ ڈالی جائے۔
خط کے اختتام پر کہا گیا کہ ’کرکٹ طویل عرصے سے قوموں کے درمیان پل کا کردار ادا کرتی آئی ہے۔ میدان میں مقابلہ اختتام پذیر ہو جاتا ہے مگر احترام باقی رہتا ہے۔ عمران خان نے اپنے کیریئر میں اسی جذبے کی نمائندگی کی۔ ہم حکام سے اپیل کرتے ہیں کہ اب وہ بھی انصاف کے اصولوں کو برقرار رکھتے ہوئے اسی جذبے کا احترام کریں۔ یہ اپیل کھیل کے جذبے اور مشترکہ انسانیت کے تحت کی جا رہی ہے، کسی بھی قانونی کارروائی پر اثر انداز ہونے کے بغیر۔‘
خط پر مائیکل ایتھرٹن، ایلن بارڈر، مائیکل بریرلی، گریگ چیپل، ایان چیپل، بیلنڈا کلارک، سنیل گواسکر، ڈیوڈ گاور، کم ہیوز، ناصر حسین، سر کلائیو لائیڈ، کپل دیو، سٹیو وا، اور جان رائٹ نے دستخط کئے ہیں۔
عمران خان کے لیے دنیا بھر کے کرکٹ کے 14 سابق کپتانوں کی حکومتِ پاکستان سے اپیل

