کراچی:پاکستان سٹاک ایکسچینج میں مسلسل تیسرے روز بھی تیزی ۔ دن ساڑھے 11 بجے انڈیکس 868 پوائنٹس تک اضافے کے بعد 186500 پوائنٹس کی سطح عبور کر گیا۔
پاکستان سٹاک ایکسچینج میں موجودہ ہفتے مسلسل تیزی ریکارڈ کی گئی۔ سوموار کے روز انڈیکس میں 3374 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا اور یہ 182000 پوائنٹس کی سطح سے اوپر بند ہوا تھا۔ منگل کے روز بھی سٹاک ایکسچینج میں تیزی ریکارڈ کی گئی اور انڈیکس میں 2654 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ گزشتہ روز انڈیکس 18500 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر بند ہوا۔
آج سٹاک ایکسچینج میں مزید تیزی دیکھی گئی جب انڈیکس کاروبار کے پہلے آدھے گھنٹے میں 1700 پوائنٹس اضافے کے بعد 186700 پوائنٹس کی سطح سے اوپر چلا گیا۔
تجزیہ کار جبران سرفراز نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان سٹاک ایکسچینج میں آج بھی تیزی رہی اور ہنڈرڈ انڈیکس تاریخ میں پہلی بار 186000 پوائنٹس کی سطح تک پہنچ گیا۔
’یہ تیزی ادارہ جاتی اور عام سرمایہ کاروں کی بڑھتی ہوئی دلچسپی کی وجہ سے ہے، میوچل فنڈز نمایاں خریدار رہے۔ یہ رجحان اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ سال کے آغاز پر سرمایہ کار اپنی سرمایہ کاری کی تقسیم تبدیل کر رہے ہیں اور بہتر معاشی اور مالی صورت حال کی توقع پر زیادہ پیسہ شیئر مارکیٹ میں لگا رہے ہیں۔‘

