نیویارک: ٹائم میگزین نے سال کی شخصیت کا اعلان کر دیا ہے۔2025 کا یہ اعزاز مصنوعی ذہانت سے متعلق کردار ادا کرنے والوں کے نام کیا گیا ہے۔
اس اعلان کے موقع پر اس امر کی بھی نشاندہی کی گئی کہ مصنوعی ذہانت جیسی ٹیکنالوجی کے ذریعے مشینی صلاحیت کو استعمال میں لایا گیاہے۔
ٹائم میگزین کے ایڈیٹر سیم جیکبز نے قارئین کے نام لکھے ایک خط میں تحریر کیا ‘دنیا کی توجہ سال کے بہترین شخص کی طرف کرانے کا یہ انداز نہایت اہمیت کا حامل ہے کہ ہم ان لوگوں کی طرف توجہ کریں جنہوں نے ہماری زندگیوں کو تشکیل دینے میں کردار ادا کیا۔’
انہوں نے مزید لکھا رواں سال ان افراد سے زیادہ کوئی بھی اثر انداز نہیں ہوا جنہوں نے مصنوعی ذہانت کا تصور دیا، اسے ڈیزائن کیا اور اسے ہم تک پہنچایا۔
نیز جیکبز نے سال کی بہترین شخصیت کا اعزاز پانے والوں کو حیرت انگیز ایجاد کا سہرا دینے کے ساتھ ساتھ موجودہ دور کو تبدیلی سے ہمکنار کرنے اور ممکن بنانے کے لیے کردار ادا کرنے کے طور پر بیان کیا ہے۔
خیال رہے پرسن آف دی ایئر 2025 کے شمارے میں مصنوعی ذہانت سے متعلق سٹوری لکھی گئی ہے۔ جس میں اس امر کی نشاندہی کی گئی ہے کہ مصنوعی ذہانت نے کن طریقوں سے دنیا کو تبدیل کیا۔ حتیٰ کہ بعض اوقات یہ طریقے خوفناکی اختیار کیے ہوئے تھے۔
علاوہ ازیں ‘نیویڈیا’ کے چیف ایگزیکٹو جینسن ہوانگ کا انٹرویو بھی اس شمارے کا حصہ ہے۔ یہ وہی شخصیت ہیں جن کی تیار کردہ چپس مصنوعی ذہانت کو تقویت دے رہی ہے۔ نیز سافٹ بنک کے سی ای او ماسایوشی سن کا انٹرویو بھی شمارے کا حصہ ہیں۔ خیال رہے یہ مصنوعی ذہانت میں سرمایہ کاری کرنے والوں میں سے ہیں۔
شمارے میں شامل کیے گئے مضامین مصنوعی ذہانت کے مختلف پہلوؤں کی نشاندہی کرتے ہیں۔ ان میں سے ایک کیلیفورنیا سے تعلق رکھنے والے 16 سالہ بچے کی خودکشی کا واقعہ بھی ہے۔
بچے کی موت کے بعد والدین نے ‘چیٹ جی پی ٹی’ بنانے والی کمپنی ‘اوپن اے آئی’ کو اپنے بیٹے کی موت کا ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے اس کے خلاف مقدمہ دائر کیا۔
مقدمہ میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ ان کے 16 سالہ بیٹے نے ‘جیٹ جی پی ٹی’ سے بات چیت کی اور پھر اس نے خودکشی کر لی۔
یاد رہے ٹائم میگزین ان میڈیا آوٹ لیٹس میں شامل ہے جو لائسنسنگ اور ٹولز کی تیاری کے لیے ‘اے آئی فرمز’, کے ساتھ شراکت داری کر رہے ہیں۔
جون 2024 میں ٹائم میگزین نے ‘اوپن اے آئی’ کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کیے۔ جس کے تحت خبروں تک ‘چیٹ جی پی ٹی’ کو رسائی دی گئی۔
اس معاہدے کے بعد ‘جیٹ جی پی ٹی’ صارف کی طرف سے آنے والے سوالات کے جوابات کے لیے ٹائم میگزین کی خبروں کا حوالہ فراہم کرتا ہے اور سوالات سے متعلقہ جوابات تک رہنمائی فراہم کرتا ہے۔
یاد رہے ٹائم میگزین نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو 2016 اور 2024 میں سال کی بہترین شخصیت کا اعزاز دیا تھا۔ علاوہ ازیں پاپ سٹار ٹیلر سوئفٹ، یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی اور ٹیسلا کے ایلون مسک بھی ان اعزازات کو حاصل کر چکے ہیں۔

