اسلام آباد:وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ سے ملاقات کی، جس میں انہوں نے سابق وزیراعظم کے معاونِ خصوصی شہزاد اکبر اور یوٹیوبر عادل راجا کی حوالگی (ایکسٹریڈیشن) کے کاغذات ہائی کمشنر کے حوالے کیے۔
یہ پیش رفت محسن نقوی کے جعلی خبروں میں ملوث افراد کے خلاف کریک ڈاؤن کے اعلان کے 3 دن بعد سامنے آئی ہے، وزیر داخلہ نے دوران پریس کانفرنس کہا تھا کہ برطانیہ میں موجود جعلی خبریں پھیلانے یا ریاستی اداروں کو نشانہ بنانے میں ملوث افراد کو حکومت واپس لائے گی۔
وزارتِ داخلہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق محسن نقوی نے اسلام آباد میں ہائی کمشنر جین میریٹ سے اہم ملاقات کی، جہاں پاک-یوکے تعلقات، سکیورٹی تعاون اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بات چیت ہوئی۔
بیان میں کہا گیا کہ وفاقی سیکریٹری داخلہ محمد خرم آغا اور دیگر متعلقہ افسران بھی ملاقات میں موجود تھے، جس میں برطانیہ میں غیر قانونی طور پر مقیم پاکستانیوں کی واپسی پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔

