ریو ڈی جینرو:برازیل میں ہولناک واقعہ، چڑیا گھر کی دیوار پھلانگ کر نوجوان شیرنی کے باڑے میں داخل ہوتے ہی شکار بن گیا۔
تفصیلات کے مطابق 19 سالہ جیرسون دی میلیو ماتشادو ذہنی تناؤ کا شکار تھا اور شیروں کا ٹرینر بننے کا خواب دیکھتا تھا۔ اسی شوق میں اس نے چھ میٹر اونچی دیوار اور حفاظتی باڑ عبور کی اور درخت کا سہارا لیتے ہوئے باڑے میں اتر گیا۔
وائرل مناظر میں دیکھا گیا کہ شیرنی لیونا شیشے کے پاس آرام کر رہی تھی جہاں عام طور پر تماشائی اسے دیکھتے ہیں۔ نوجوان کے نیچے اترتے ہی شیرنی لپکی اور اسے پکڑ کر زمین پر گھسیٹ لیا۔ نوجوان اٹھ کھڑا ہوا مگر فوراً نظروں سے اوجھل ہوگیا۔
مشرقی برازیل کے شہر جواو بیسوا کی مقامی حکومت نے اس بات کی تصدیق کی کہ ماچاڈو نے اتوار کی صبح ارودا کامارا پارک میں شیرنی کے باڑے میں دانستہ طور گھس گیا تھا۔ حکام کے مطابق شیرنی نے اسے موقع پر ہی ہلاک کر دیا۔
ماچاڈو کی شناخت انگلیوں کے نشانات سے ہوئی جبکہ موت کی وجہ گردن کی شریانوں کو پہنچنے والی شدید چوٹوں سے خون کا بہہ جانا بنی۔
سرکاری ماحولیاتی ٹیم نے پیر کے روز چڑیا گھر کا موقع پر معائنہ کیا۔ چڑیا گھر اب تک بند ہے۔ چڑیا گھر کے ویٹرنری ڈاکٹر تیاگو نِیری نے حفاظتی معیار کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ مکمل طور پر غیر متوقع تھا۔ انتظامیہ نے اعلان کیا کہ شیرنی لیونا کو مارنے کا کوئی ارادہ نہیں کیونکہ اس نے واقعے کے سیاق و سباق کے علاوہ کوئی جارحانہ رویہ نہیں دکھایا۔

