سیول :سامسنگ الیکٹرونکس کے چیئرمین لی جے-یونگ کے بیٹے کو 11 ہفتوں کی تربیت مکمل کرنے کے بعد جنوبی کوریا کی بحریہ میں افسر کے طور پر خدمات انجام دینے کی ذمہ داری سونپی گئی۔
24 سالہ لی جےہو بحریہ اور میرین کور کے 89 نئے افسران میں شامل تھے، جنہیں "چانگ وون” میں واقع میری ٹائم اکیڈمی میں ایک تقریب کے دوران باضابطہ طور پر تعینات کیا گیا۔ چانگ وون سیول کے جنوب مشرق میں تقریباً 380 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔
جنوبی کوریا کی خبر رساں ایجنسی یونہاب کے مطابق2000 میں پیدا ہونے والے لی جے ہو نے افسر کے طور پر اپنی فوجی خدمات انجام دینے کے لیے امریکی شہریت ترک کر دی۔
بحریہ حکام کے مطابق لی جے-ہو بحریہ میں افسر مترجم کے طور پر خدمات انجام دیں گے۔سامسنگ کے صدر اپنے بیٹے کی تربیتی تقریب میں ستمبر میں شریک نہیں ہوئے تھے، تاہم انہوں نے تعیناتی کی تقریب میں شرکت کی اور ذاتی طور پر اسے ملازم کے عہدے کا نشان پہنا کر تقریب کا آغاز کیا۔

