اسلام آباد :ادارہ برائے شماریات کے مطابق گذشتہ چار سالوں کے دوران ملک میں بے روزگاروں کی تعداد میں 14 لاکھ افراد کا اضافہ ہوا۔
قومی محکمہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ لیبر فورس سروے میں انکشاف کیا گیا کہ گذشتہ مالی سال میں پاکستان میں بے روزگاری کی شرح بڑھ کر 21 سال کی بلند ترین سطح 7.1 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔
اس رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ بے روزگاری صوبہ خیبر پختونخوا میں ریکارڈ کی گئی جبکہ پنجاب کا دوسرا نمبر رہا۔ بے روزگاروں کی سب سے کم تعداد سندھ میں پائی گئی۔
بے روزگاری میں اضافہ تمام عمر کے لوگوں اور دونوں جنسوں میں دیکھا گیا، جو لیبر مارکیٹ کی مجموعی خراب صورت حال کی نشاندہی کرتا ہے۔
پاکستان نے گذشتہ برس آئی ایم ایف کے ساتھ سات ارب ڈالر کے تین سالہ پروگرام پر دستخط کیے تھے، جس میں تقریباً 50 شرائط پر عمل کرنا شامل تھا۔ آئی ایم ایف کی شرائط میں لیبر فورس سروے کروانا اور اسے شائع کرنا بھی شامل تھا۔

