بیجنگ:چین کے صدر شی جن پنگ اور امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ٹیلی فون پر گفتگو ہوئی ۔چین کی سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق دونوں ر ہنماوں کے درمیان مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔
ڈونلڈ ٹرمپ اور شی جن پنگ نے تعلقات بہتر بنانے اور مثبت سمت میں آگے بڑھنے پر اتفاق کیا اور کہا کہ باہمی تعاون دونوں ممالک کے فائدے میں ہے۔چین اور امریکا کو تعاون کے نئے شعبے کھولنے چاہئیں اور دوطرفہ تعلقات میں مزید ترقی کے لیے کوشش کرنی چاہیے۔چینی صدرکا کہنا تھا کہ چین اور امریکہ کو دوسری جنگ عظیم کی فتوحات کو مشترکہ طورپر محفوظ رکھنا چاہیے۔صدر شی جن پنگ نے تائیوان کے مسئلے پر چین کا مؤقف واضح کرتے ہوئے کہا کہ تائیوان کی چین کے پاس واپسی پوسٹ وار انٹرنیشنل آرڈر کا اہم حصہ ہے۔امریکی صدر اور چینی صدر کے درمیان روس ، یوکرین جنگ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔شی جن پنگ نے کہا کہ فریقین جلد ایسا معاہدہ کریں جو مستقل اور منصفانہ ہو تاکہ جنگ کا خاتمہ ہوسکے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ چینی ہم منصب سے ٹیلی فون پر بہت بامقصد ا ور مثبت گفتگو ہوئی ۔دونوں ملکوں کے تعلقات بہت مضبوط ہیں۔ صدر ٹرمپ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹروتھ سوشل پر پیغام میں کہا کہ گفتگو میں یوکرین ،روس جنگ، ، سویابین اور دیگر زرعی مسائل پر تبادلہ خیال ہوا۔ہم نے اپنے عظیم کسانوں کے لیے ایک اچھا اور بہت اہم معاہدہ کیا ہے۔امریکہ صدر کا کہنا تھا کہ شی جن پنگ نے مجھے اپریل میں بیجنگ آنے کی دعوت دی جسے میں نے قبول کیا اور میں نے بھی چینی صدر کو امریکا دورے کیلئے مدعو کیا ہے۔ ہم نے اتفاق کیا کہ دونوں طرف سے مسلسل رابطہ رکھنا ضروری ہے۔

