راولپنڈی: خیبر پختونخوا کے ضلع کُرّم میں سیکیورٹی فورسز نے دو الگ الگ کارروائیوں کے دوران بھارتی اسپانسرڈ فتنہ ’الخوارج‘ سے تعلق رکھنے والے 23 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔
آئی ایس پی آرکے مطابق، موصول ہونے والی مصدقہ خفیہ اطلاعات پر سکیورٹی فورسز نے کرّم کے ایک علاقے میں ٹارگٹڈ آپریشن کیا، جس کے دوران دہشتگردوں کے ٹھکانے کا محاصرہ کیا گیا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے میں 12 خوارج مارے گئے۔اسی علاقے میں موجود خوارج کے ایک مزید گروہ کی موجودگی کی اطلاعات پر ایک اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا، جس میں 11 دہشتگرد مارے گئے۔مارے گئے تمام عناصر بھارت کی سرپرستی میں پاکستان میں دہشتگردی کی کارروائیوں میں ملوث تھے، جبکہ ان کے قبضے سے اسلحہ اور دیگر مواد بھی برآمد ہوا۔
علاقے میں سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی چھپے ہوئے بھارتی سرپرست خارجی کی موجودگی کا خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔نیشنل ایکشن پلان کے تحت فیڈرل ایپکس کمیٹی سے منظور شدہ ویژن “عزمِ استحکام” کے مطابق ملک بھر میں دہشتگردی کے خلاف آپریشنز پوری رفتار اور تسلسل سے جاری رہیں گے اورسکیورٹی فورسز غیر ملکی پشت پناہی یافتہ دہشتگردی کا مکمل خاتمہ یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔

