راولپنڈی: پہلے ون ڈے میں پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد سری لنکا کو 6 رنز سے شکست دے کر 3 میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان اور سری لنکا کی ٹیموں کے درمیان ون ڈے میچ میں سری لنکا کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان نے سلمان علی آغا کی شاندار سنچری کی بدولت مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 299 رنز بنائے تاہم 300 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکن ٹیم مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 293 رنز ہی بناسکی۔
پاکستان نے اننگز کا آغاز کیا تو پہلی وکٹ پانچویں اوور میں صائم ایوب کی صورت میں گری، وہ چھ رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کو دوسرا نقصان 68 رنز کے مجموعی سکور پر فخر زمان کی صورت میں ہوا، وہ 32 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
اس کے بعد ٹو ڈاؤن آنے والے محمد رضوان پانچ رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ بابر اعظم ایک مرتبہ پھر متاثرکن کارکردگی نہ دکھا سکے اور تین چوکوں کی مدد سے 51 گیندوں پر 29 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔حسین طلعت عمدہ پرفارمنس کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک چھکے اور چھ چوکوں کی مدد سے 62 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین لوٹے۔
سلمان علی آغا نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے نو چوکوں کی مدد سے 105 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ محمد نواز 36 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
سری لنکا کی جانب سے وانندو ہاسارنگا نے تین جبکہ مہییش تھکشنا اور اسیٹھا فرنینڈو نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔پاکستان کے کپتان شاہین شاہ آفریدی کی اپنے عہدے کا چارج سنبھالنے کے بعد یہ دوسری ون ڈے سیریز ہے۔ اس سے قبل ان کی قیادت میں پاکستان ٹیم نے حال ہی جنوبی افریقہ کے خلاف ون ڈے سیریز دو ایک سے جیت چکا ہے۔
سری لنکا کی قیادت چریتھ سالنکا کر رہے ہیں، ان کی قیادت میں سری لنکا نے 19 ون ڈے انٹرنیشنل کھیلے ہیں جن میں سے 13 میں فتح جبکہ چار میں شکست کھائی ہے۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان اب تک 157 ون ڈے انٹرنیشنلز کھیلے جا چکے ہیں جن میں سے پاکستان نے 93 جبکہ سری لنکا نے 59 میں کامیابی حاصل کی۔
اس سے قبل راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں دونوں ٹیمیں دو مرتبہ آمنے سامنے آ چکی ہیں جن میں سے دونوں نے ایک ایک میچ اپنے نام کیا۔
سری لنکا نے پنڈی کرکٹ سٹیڈیم پر ایک ون ڈے انٹرنیشنل زمبابوے کے خلاف بھی کھیلا اور فتح حاصل کی۔سری لنکا نے پاکستان کے 300 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اننگز کا آغاز کیا تو اس کی پہلی وکٹ 85 رنز پر گر گئی۔ کمیل مشارا 38 رنز بنا کر حارث رؤف کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔
ان کے بعد کسل مینڈس کریز پر قدم جما بھی نہ پائے تھے کہ انہیں بھی حارث رؤف نے صفر پر بولڈ کر دیا۔ پتھوم نسانکا بھی 29 رنز بنانے کے بعد حارث روؤف کا شکار بنے۔
چوتھی وکٹ سادھیرا سماراوکراما کی گری جنہوں نے 39 رنز سکور کیے لیکن حارث رؤف نے انہیں بھی پویلین لوٹنے پر مجبور کر دیا۔ ان کے بعد کپتان چریت اسالانکا آئے اور 32 رنز بنا کر محمد نواز کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔
چھٹے نمبر پر جانتھ لیانگے نے وکٹ سنبھالی اور دو چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 28 رنز بنانے کے بعد نسیم شاہ کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ کمنڈو مینڈس صرف نو رنز ہی بنا پائے تھے کہ انہیں فہیم شاہ نے بولڈ کر دیا۔ دشمنتھ چمیرا بھی صرف سات رنز بنا کر فہیم اشرف کا شکار بن گئے۔وانندو ہاسارانگا نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے سات چوکوں کی مدد سے 52 گیندوں پر 59 رنز بنائے جس کے بعد وہ نسیم شاہ کی گیند پر کیچ تھما بیٹھے۔
پاکستانی بولرز میں حارث رؤف نے سب سے زیادہ چار وکٹیں حاصل کیں، جبکہ فہیم اشرف اور نسیم شاہ نے دو، دو اور محمد نواز نے ایک وکٹ لی۔

