کیلے فورنیا: امریکی ٹیکنالوجی کمپنی اینویڈیا، جو کہ کمپیوٹر چپس بنانے کے لیے مشہور ہے، دنیا کی پہلی ایسی کمپنی بن گئی ہے جس کی مالیت 50 کھرب ڈالرز ہے۔
امریکی کمپنی جو کہ پہلے کمپیوٹر گرافکس چپس بنانے کے لیے مشہور تھی اب مصنوعی ذہانت کے میدان کی سب سے بڑی کمپنیوں میں سے ایک ہے۔ اب اینویڈیا اے آئی چپس بھی بناتی ہے جنھیں بڑے اے آئی ماڈلز کو تربیت دینے اور انھیں چلانے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔
مصنوعی ذہانت میں بڑھتی دلچسپی کے چلتے اینویڈیا کے چپس کی مانگ میں بے تحاشہ اضافہ ہوا ہے اور اس کے حصص کی قیمتیں اوپر چلی گئی ہیں۔
جون 2023 میں کمپنی کی مالیت 10 کھرب ڈالرز تک پہنچ گئی تھی اور محض چار مہینے قبل اینویڈیا کی مالیت 40 کھرب ڈالرز پر پہنچی تھی۔
بدھ کے روز اینویڈیا کے حصص کی قیمت 5.6 فیصد اضافے کے بعد 212 ڈالرز تک پہنچ گئی۔
ورلڈ بینک کے اعداد و شمار کے مطابق، اینویڈیا کی قدر اب امریکہ اور چین کے علاوہ دنیا کے ہر ملک کی جی ڈی پی سے زیادہ ہے۔

